آتش فشاں پھٹنے کے بعد جکارتہ ایئرپورٹ بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)انڈونیشیا میں آتش فشاں ماؤنٹ آناک کراکاٹاؤ سے خارج ہونے والی راکھ دارالحکومت جکارتہ تک پہنچنے کے بعد ملک کے مرکزی ہوائی اڈے پر پروازوں کا آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیاہے۔
جکارتہ کے باہر واقع سوئیکارنو ہٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق آتش فشاں کی سرگرمی میں اضافے کے باعث اتوار کی صبح پروازوں کی آمد و رفت دوپہر ایک بج کر 30 منٹ تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا،آتش فشاں ایئرپورٹ سے 150 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر واقع ہے۔
موسمیاتی ادارے بی ایم کے جی کے مطابق ماؤنٹ آناک کراکاٹاؤ میں جمعہ کی رات سے دوبارہ سرگرمی شروع ہوئی، جس کے دوران لاوے کے فوارے بلند ہوئے اور دھماکوں کی آوازیں 700 کلومیٹر دور تک سنی گئیں،آتش فشاں کے حوالے سے نگرانی کرنے والے ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اتوار کو مزید دو مرتبہ دھماکے ریکارڈ کیے گئے۔
مزید پڑھیں:جرمنی میں بجلی کے گرڈ کو نشانہ بنانے کی مبینہ سازش ناکام، 12 دھماکہ خیز آلات برآمد
بی ایم کے جی کے مطابق آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ جاوا کی جانب 6 ہزار میٹر جبکہ سماٹرا کی جانب 15 ہزار میٹر کی بلندی تک پہنچ گئی، جبکہ جاوا کے صوبے بنتن کے بعض علاقوں میں بھی راکھ کے بادل دیکھے گئے،انڈونیشیا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ پر پروازوں کی معطلی کے پہلے مرحلے کے باعث 33 پروازیں متاثر ہوئی تھیں، جن میں 16 بین الاقوامی پروازیں منسوخ جبکہ 7 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔