دہشت گرد عناصر ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں:عظمیٰ بخاری، بلال یاسین

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت تمام متعلقہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ شہریوں میں ایک کروڑ بیس لاکھ ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں

May 25, 2026 | 15:25:PM
دہشت گرد عناصر ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں:عظمیٰ بخاری، بلال یاسین
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری اور صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ڈی جی پی آر لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے حوالے سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی، صفائی اور ٹریفک انتظامات کو فول پروف بنایا جا رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے بلوچستان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار افسوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن جاری ہے اور دہشت گرد عناصر ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جن کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت تمام متعلقہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ شہریوں میں ایک کروڑ بیس لاکھ ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں، عید کے دوران مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عید کے موقع پر پردیسی شہری اپنے گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں، اس لیے ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،انہوں نے واضح کیا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں کو بند کر دیا جائے گا جبکہ چاند رات پر ہلڑ بازی اور ون ویلنگ پر مکمل پابندی ہوگی، مزید برآں پارکس میں لگے جھولوں کے لیے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل اور ہندوستان دونوں انٹرنیشنل دہشت گردی میں ملوث ہیں:خواجہ آصف

اس موقع پر بلال یاسین نے کوئٹہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پراکسیز بار بار پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ناپاک عزائم رکھنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ عید کے تینوں دن سیکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاک چین دوستی کی پچھترویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے اور چین کی حمایت ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہی ہے، بلال یاسین کے مطابق صوبے بھر میں تقریباً تیس ہزار پوائنٹس پر صفائی اور انتظامی کام جاری ہیں جبکہ عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب کے ورکرز ڈور ٹو ڈور جا کر خدمات انجام دیں گے۔