فریقین چاہیں تو اسلام آباد ہمیشہ مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے:دفتر خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان کا ذکر ایک بار پھر عالمی افق پرچمکنے لگا ، پاکستان بین الاقوامی رہنماؤں کی قیادت کیلئے تیار، ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ایران امریکا مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فریقین نے اتفاق کیا تو پاکستان ہمیشہ مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔
امریکا،اسرائیل اور ایران کے درمیان مذاکرات سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ فریقین چاہیں تو اسلام آباد ہمیشہ مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان مسلسل خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت کرتا رہا ہے
ادھر ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی بھی قسم کا کوئی مذاکراتی عمل جاری نہیں ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ رواں ہفتے کے اختتام پر ہونے والی بات چیت کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان 15 نکاتی معاہدہ طے پایا ہے۔
یاد رہےکہ اس سے قبل اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس ہفتے کے آخر میں امریکا اور ایران کے اعلیٰ حکام کی میٹنگ اسلام آباد میں ہوسکتی ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بات چیت اس مرحلے تک پہنچ رہی ہے کہ اس ہفتے پاکستان کے شہر اسلام آباد میں اعلیٰ امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان ایک ممکنہ ملاقات ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:78 ویں میزائل لہر کا آغاز، تل ابیب سمیت امریکی فوجی اڈے نشانہ، ایرانی فوج کی امریکا اور اسرائیل کو وارننگ
اس حوالے سے برطانوی اخبار نے بھی لکھاکہ پاکستان خود کو ایران کے خلاف جنگ کے خاتمے کے لیے ایک مرکزی ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق سینئر پاکستانی حکام ایرانی عہدے داروں اور امریکی نمائندہ خصوصی وٹکوف اور امریکی صدر کے داماد جیراڈ کشنر کے درمیان بیک چینلز رابطے کروا رہے ہیں۔