تقرر و تبادلے؛عائشہ حمیرا چودھری ممبر فیڈرل پبلک سروس کمیشن مقرر،اعزاز اسلم ڈار کی تقرری کا نوٹیفکیشن واپس

Jun 24, 2026 | 22:24:PM
تقرر و تبادلے؛عائشہ حمیرا چودھری ممبر فیڈرل پبلک سروس کمیشن مقرر،اعزاز اسلم ڈار کی تقرری کا نوٹیفکیشن واپس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد ترک)وفاقی حکومت نے متعدد سرکاری افسران کے تقرر و تبادلوں اور ریٹائرمنٹ کے احکامات جاری کئے ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ مختلف نوٹیفیکیشنز کے مطابق وفاقی حکومت نے سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی ڈویژن عائشہ حمیرا چوہدری کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی منظوری دیتے ہوئے انہیں 3 سال کیلئے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی ممبر مقرر کر دیا ہے، جبکہ اس سے قبل جاری کیا گیا اعزاز اسلم ڈار کی بطور ممبر ایف پی ایس سی تقرری کا نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے سیکرٹریٹ گروپ گریڈ 22 کی افسر عائشہ حمیرا چوہدری کی رضاکارانہ اور قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست منظور کر لی ہے، وہ یکم جولائی 2026 کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوں گی، علیحدہ نوٹیفکیشن میں عائشہ حمیرا چوہدری کو 3 سال کیلئے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی ممبر مقرر کیا گیا ہے، ان کی تقرری بھی یکم جولائی 2026 سے مؤثر ہو گی اور وہ اسی روز اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھالیں گی، نوٹیفکیشن کے مطابق عائشہ حمیرا چوہدری سیکریٹریٹ گروپ کی گریڈ 22 کی سینئر افسر ہیں اور انہیں رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کے بعد ایف پی ایس سی میں تعینات کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر اعزاز اسلم ڈار کی بطور ممبر فیڈرل پبلک سروس کمیشن تقرری کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق مذکورہ تقرری کے نوٹیفکیشن کو ابتدا ہی سے کالعدم قرار دیتے ہوئے منسوخ کر دیا گیا ہے، علاوہ ازیں، وزیراعظم نے وزارت آئی ٹی میں ممبر (لیگل) کے عہدے پر تعینات ایم پی ون اسکیل کے افسر اکرام الحق قریشی کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے، استعفیٰ 30 اپریل 2026 سے مؤثر قرار دیا گیا ہے، انہوں نے وزارت داخلہ کے ماتحت سوشل میڈیا کمپلینٹ کونسل کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کیلئے اپنے سابقہ منصب سے استعفیٰ دیا ہے، اکرام الحق قریشی کو وزارت آئی ٹی میں ممبر (لیگل) کے عہدے کا اضافی چارج بھی تفویض کیا گیا ہے، وہ اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ یہ اضافی فرائض 3 ماہ کیلئے یا مستقل تقرری ہونے تک (جو بھی پہلے ہو) انجام دیتے رہیں گے۔

علاوہ ازیں، وفاقی حکومت نے جمیل احمد قریشی کو تفویض کردہ سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ (بورڈ آف انویسٹمنٹ) کے اضافی چارج میں مزید 3 ماہ کی توسیع کر دی ہے، توسیع کا اطلاق 6 جون 2026 سے ہو گا، جمیل احمد قریشی اس وقت ایڈیشنل سیکریٹری (انچارج) اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) ڈویژن کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ بدستور سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ کا اضافی چارج بھی سنبھالے رکھیں گے، دریں اثناء ڈپٹی سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار قاضی عمران الدین کی 11 جون 2026 سے ریٹائرمنٹ کا نوٹیفیکشن جاری کیا گیا ہے جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے زاہد پرویز  کو گریڈ 19 میں ریگولر کر کے پنجاب حکومت میں ہی خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، مزید برآں، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ورکرز ویلفیئر بورڈ، بلوچستان حکومت نوشیروان خان کو تبدیل کر کے ان کی خدمات 3 سال کیلئے ڈیپوٹیشن پر وزارت انسانی حقوق اسلام آباد کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ سینئر ریسرچ آفیسر، ایگریکلچر ریسرچ اسٹیشن، احمد والا، کرک، خیبرپختونخواہ حکومت تابندہ جلوت کی خدمات 3 سال کیلئے ڈیپوٹیشن پر بطور سینئر سائینٹیفک آفیسر پی اے آر سی کے سپرد کی گئی ہیں اور سیکشن افسر اسد حسین ملک کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے مذہبی امور ڈویژن تبادلہ کیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام احکامات کے ضمن میں باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیے ہیں

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - قومی
ٹیگز: