لاہور ہائیکورٹ ؛مغوی لڑکی کی بازیابی کیلئے دو ہفتے کی مہلت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک اشرف)لاہور ہائی کورٹ میں اغواء کے مقدمے میں ملوث ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن ذیشان رضا کو مغوی کی بازیابی کے لئے دو ہفتے کی مہلت دے دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں اغواء کے مقدمے میں ملوث ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن ذیشان رضا کو مغوی کی بازیابی کے لئے دو ہفتے کی مہلت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس طارق سلیم نے مدعی مقدمہ خورشید بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ڈی آئی جی انویسٹیگیشن ذیشان رضا عدالت میں پیش ہوئے اور مغوی لڑکی کی بازیابی کے لیے کیے گئے اقدامات پر مشتمل رپورٹ پیش کی۔ڈی آئی جی انویسٹیگیشن نے عدالت کو بتایا کہ مغوی لڑکی کی بازیابی کے لیے آٹھ رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے اور بچی کی تلاش کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
درخواست گزار خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ مغوی بچی تاحال بازیاب نہیں ہوئی جبکہ ٹرائل کورٹ نے ملزم محمد سلیم کی ضمانت منظور کر لی ہے، اس لیے عدالت ملزم کی ضمانت منسوخ کرنے کا حکم دے۔عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کے خلاف تھانہ بھاٹی گیٹ میں 25 نومبر 2024 کو اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور درخواست گزار نے اسی ضمانت کو چیلنج کرتے ہوئے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
عدالت نے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن کی جانب سے مزید مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مغوی لڑکی کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔