کتے کے گوشت کو خرگوش کا بتا کر بیچ دیا ،گاؤں کےلوگوں کی طبیعت خراب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارت کی ریاست بہار کے موتیہاری میں ایک شرابی نے سنگین واردات انجام دیدی۔ شراب کیلئے پیسوں کی کمی ہوئی تو اس نے ایک کتے کو مارا اور اس کے گوشت کو خرگوش کا گوشت بتا کر بیچ دیا۔ کتے کا گوشت بیچ کر جو کمائی ہوئی، اس سے اس نے مہنگی شراب خرید کر پی لی۔کتے کا گوشت کھانے سے گاؤں کے کئی لوگوں کی طبیعت خراب ہو گئی ۔
بھارت کی بڑی اردو نیوز ویب کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے موتیہاری میں مدھوبن بلاک کے گریّا بازار تھانے کے علاقے کا ہے۔ گریا گاؤں میں منگرو سہنی نام کا ایک نوجوان رہتا ہے۔ گاؤں والوں کے مطابق اسے شراب پینے کی لت ہے۔ پیر کے روز اسے شراب پینے کی طلب ہوئی، لیکن اس کے پاس پیسے نہیں تھے۔ تب اس نے گاؤں کے ہی ایک کتے کو پکڑ کر اسے مار ڈالا اور اس کے گوشت کو خرگوش کا گوشت بتا کر بیچ دیا۔کچھ نے کتے کا گوشت ہضم کر لیا، تو کئی لوگوں کی طبیعت خراب ہوگئی ۔ ایک متاثرہ شخص رام پرویش سہنی نے بتایا کہ شام کے وقت رامانند سنگھ کا بیٹا منگرو سہنی گوشت لے کر آیا۔ اس نے کہا کہ یہ خرگوش کا گوشت ہے۔ ہم نے تو نہیں کھایا، لیکن گھر میں بیوی اور بچوں نے گوشت کھا لیا۔ صبح منگرو نے بتایا کہ اس نے کتے کا گوشت کھلایا تھا۔ پہلے تو لگا کہ وہ مذاق کر رہا ہے، لیکن جب ہم نے تفتیش کی تو ہمیں کتے کا سر اور پاؤں ملے۔ تب ہمیں یقین ہو گیا کہ ہمیں واقعی کتے کا ہی گوشت کھلایا گیا تھا۔پرویش سہنی نے بتایا کہ گاؤں میں تقریباً 10 سے 15 لوگوں کو کتے کا گوشت کھلایا گیا ہے۔ کچھ لوگوں نے کتے کا گوشت ہضم کر لیا، جبکہ کئی لوگوں کی طبیعت خراب ہو گئی ہے۔ کچھ لوگوں کو الٹیاں ہو رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گریاگاؤں کی ایک خاتون لکشمی دیوی نے بتایا کہ منگرو آ کر بولا، چچی خرگوش کا گوشت کھائیں گی؟ دیکھیے خرگوش کا گوشت لے کر آیا ہوں، کھا لیجئے۔ پہلے تو ہم نے منع کیا، لیکن بعد میں اس کی باتوں میں آ کر گوشت کھا لیا۔ گوشت کھانے کے بعد الٹیاں ہونے لگیں۔ صبح آ کر اس نے بتایا کہ خرگوش نہیں، کتے کا گوشت کھلایا تھا۔ لکشمی دیوی نے بتایا کہ گوشت کے بدلے منگرو نے 500 روپے لئے تھے۔ گاؤں کے ایک اور متاثرہ شخص نے بتایا کہ انہوں نے بھی 500 روپے دے کر آدھا کلو کتے کا گوشت خریدا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب گاؤں والوں نے منگرو کے خلاف مقامی تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ جو انسان کتے کا قتل کر سکتا ہے، وہ انسان کی بھی جان لے سکتا ہے لہذا ایسے شخص کو فوراً جیل بھیجا جانا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کو پاکستان بننے سے بچانا ہےتو ہندو 4 بچے پیدا کریں،بی جے پی لیڈر کا انوکھا بیان