کورونا وائرس ’’ماؤنٹ ایوریسٹ‘‘ پر بھی پہنچ گیا

Apr 24, 2021 | 11:41:AM
کورونا وائرس ’’ماؤنٹ ایوریسٹ‘‘ پر بھی پہنچ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)کورونا وائرس دنیا کے تمام ممالک کو اپنی لپیٹ میں لینے کے بعد محفوظ اور بلند ترین مقام ماؤنٹ ایوریسٹ بھی پہنچ گیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق ماؤنٹ ایوریسٹ پر عالمی وبا پھوٹنے کے بعد پہلا واقعہ سامنے آگیا ہے۔ نیپال کے حکام کا کہنا ہے کہ دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے کیلئے موجود کوہ پیماؤں میں سے متعدد کے کورونا  ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں ۔ تاہم کوہ پیماؤں کی شناخت سے متعلق صرف ایک متاثرہ کوہ پیما کی شناخت ظاہر کی گئی ہے، جس کا تعلق ناروے سے ہے۔ حکام کے مطابق ایک کوہ پیما گزشتہ ہفتے بیمار ہوا تھا، جس پر یہ تاثر تھا کہ شاید وہ اتنی اونچائی کے نتیجے میں لاحق ہونے والی بیماری سے متاثر ہے، تاہم جب اسے بیس کیمپ سے کھٹمنڈو ہیلی کاپٹر سے منتقل کیا گیا تو ٹیسٹ سے کورونا کی تشخیص ہوئی۔

دیگر کوہ  پیماؤں کو بھی جب بیس کیمپ سے ہسپتال منتقل کرنے پر ٹیسٹ کیا گیا تو ان کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ابھی کوئی باضابطہ اعلان تو نہیں ہوا مگر بیس کیمپ پر کووڈ کیس کی تشخیص کے بعد امکان ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ پر کوہ پیمائی کا سیزن آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

نیپال کے محکمہ سیاحت کے سربراہ رودرا سنگھ کے مطابق ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں اور ہمیں کوہ پیمائی معیشت کو بچانا ہے۔ ابتدا میں نیپال کی جانب سے صرف 371 کوہ پیماؤں کو ہی ماؤنٹ ایوریسٹ تک رسائی کیلئے اجازت نامہ دیا گیا تھا، جس کے بعد توقع تھی کہ سازگار حالات رہنے پر اسے مزید بڑھا دیا جائے گا، تاہم اب ایسا ممکن نظر نہیں آرہا۔