کراچی ٹریفک پولیس نے 8، 9 اور 10 محرم کا ٹریفک پلان جاری کر دیا

Jun 23, 2026 | 21:00:PM
کراچی ٹریفک پولیس نے 8، 9 اور 10 محرم کا ٹریفک پلان جاری کر دیا
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شایان علی ) کراچی ٹریفک پولیس نے 8، 9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے سلسلے میں خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مختلف شاہراہوں پر متبادل راستوں اور ٹریفک ڈائیورشنز کا انتظام کیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق 8، 9 اور 10 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا اور اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک ہر قسم کی عام ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

پلان کے مطابق ناظم آباد، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، شاہراہ فیصل، جمشید روڈ، گارڈن اور دیگر علاقوں سے آنے والی ٹریفک کو متبادل راستوں کے ذریعے اپنی منزل تک رسائی دی جائے گی، 9 محرم کو بعض اہم سڑکوں پر مخصوص اوقات میں ٹریفک کی آمدورفت معطل رہے گی، جن میں لیاقت آباد تا گرومندر اور جمشید روڈ تا بہادر یار جنگ روڈ شامل ہیں۔

کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ہیوی کمرشل ٹریفک کے لیے بھی خصوصی روٹس مختص کیے گئے ہیں۔ سپر ہائی وے، گلبرگ، نیشنل ہائی وے اور دیگر داخلی راستوں سے آنے والی بھاری گاڑیوں کو متبادل شاہراہوں کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچنے کی اجازت ہوگی۔

پولیس کے مطابق گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر کسی بھی قسم کی چھوٹی یا بڑی گاڑی کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ایم اے جناح روڈ پر صرف انہی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی جن پر جلوس میں شرکت کا مجاز اسٹیکر آویزاں ہوگا۔

جلوس میں شامل ہونے والے شرکاء کے لیے مختلف داخلی راستے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ سبیل، نیاز اور تبرک کی تقسیم کے لیے شامل ہونے والی گاڑیوں کے لیے صدر دواخانہ اور کیپری سگنل کو انٹری پوائنٹ مقرر کیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران جاری کردہ ٹریفک پلان پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ جلوس کے روٹ پر کسی بھی گاڑی کو پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں :ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات