حکومتی اقدامات اور ہوا کی کم رفتار، آج لاہور میں فضائی معیاربہترقرار
عوام کا بھرپور تعاون سموگ میں کمی لانے کیلئے بہت اہم ہے، مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)حکومت پنجاب کے اقدامات اور ہوا کی کم رفتار کے نتیجے میں آج لاہور میں ہوا کا معیار نسبتاً بہتر رہنے کا امکان ہے۔
مشرق سے مغرب کی طرف چلنے والی ہواؤں سے لاہور میں اے کیو آئی کی اوسط سطح 220 سے 240 کے درمیان رہنے کا امکان ہے،بھارت میں دیوالی پر آتش بازی اوردھان کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی سموگ ہواؤں کے ذریعے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں آلودگی کا سبب بنی تھی۔
پنجاب حکومت کے اینٹی سموگ آپریشن سے صورتحال کو کنٹرول کیا گیا جس کے اثرات آج لاہور میں بہتر ائیر کوالٹی کی صورت میں ظاہر ہوں گے،ہوا کی رفتار 3 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی، صبح کے وقت درجہ حرارت کم اور بارش نہ ہونے کا امکان ہے،تاہم شام کے وقت، ٹریفک کے دباؤ، کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت، گرد وغبار اور بھارت کی طرف سے آنے والی آلودگی کی وجہ سے اے کیو آئی دوبارہ بڑھنے کا امکان ہے۔
دوپہر 12 سے شام 5 بجے کے درمیان فضائی معیار بہتر رہے گا،دوپہر میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھے گا، ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ جائے گی،بچے، بزرگ افراد، اور سانس یا دل کے مریض صبح سویرے اور غروب آفتاب کے بعد باہر نکلنے سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں:دبئی میں ڈلیوری رائیڈرز کیلئے نئی ٹریفک پابندیوں کا اعلان
بھارتی علاقوں ہماچل پردیش اور دھرمشالہ سے پاکستانی علاقوں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد کی طرف 5 سے 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی،بھارتی لدھیانہ اور سری گنگا نگر سے پاکستانی علاقوں ساہیوال، بورے والا، وہاڑی کی طرف ہواؤں کی رفتار 6 سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے
جبکہ بھارتی علاقے ہریانہ سے پاکستانی علاقوں بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان کی طرف 4 سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
ڈی جی خان، لیہ، بھکر میں ہوا کی رفتار نسبتاَ کم ہوگی جو 2 سے 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔
دوسری طرف پنجاب حکومت کا اینٹی سموگ آپریشن پوری قوت سے جاری ہے،زیادہ آلودگی والے علاقوں میں اینٹی سموگ گنز کا استعمال بھی جاری ہے،تعمیراتی مقامات اور راستوں پر چھڑکاؤ بھی جاری رہے گا، دھول، گردو غبار، دھوئیں سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل جاری رہے گا،لاہور میں ٹرکوں اور بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت پر کنٹرول کی پالیسی پر عمل ہوگا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کاکہناہے کہ حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کا بھرپور تعاون سموگ میں کمی لانے میں بہت اہم ہے۔