صرف نوازشریف کو ہی نہیں دیگر کو بھی سکیورٹی دی جاتی ہے،محسن نقوی

Oct 22, 2023 | 18:21:PM
صرف نوازشریف کو ہی نہیں دیگر کو بھی سکیورٹی دی جاتی ہے،محسن نقوی
کیپشن: محسن نقوی، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(درنایاب)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ صرف نوازشریف کو ہی نہیں دیگر کو بھی سکیورٹی دی جاتی ہے،پولیس ایس او پیز کے مطابق سب رہنماؤں کو سکیورٹی مل رہی ہے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ زمان پار ک میں بھی سکیورٹی اورجیمر وغیرہ جارہے تھے،پی ٹی آئی کے چیئرمین کو بھی برابر سکیورٹی مل رہی تھی۔ان کاکہناتھا کہ پنجاب بھر میں اساتذہ رہا ہوچکے ہیں،کسی کو تعلیمی ادارے بند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،احتجاج کرنا ہے تو میں بھی شامل ہوجاتا ہوں لیکن طلباکو شامل کرنا غلط ہے، پورے پنجاب میں سکول بند کرانا اوربچوں کوآگے لانا بالکل درست نہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ سکولوں کی پرائیوٹائزیشن کی بات بالکل جھوٹی ہے،5 یا 50روپے سے 50ہزار فیس ہونے کی بات بالکل غلط ہے،میرا وعدہ ہے کہ جرنلسٹوں کو اچھی چیز دے کرجاؤں،کوشش ہے کہ جرنلسٹوں کی دعائیں لوں۔ ان کا مزید کہناتھا کہ صرف میں ہی نہیں وزرا،چیف سیکرٹری بھی دورے کررہے ہیں،ماضی میں بھی کام ہوئے ان کے بارے میں کچھ نہیں کہوں گا۔
محسن نقوی نے کہاکہ عوام کی فلاح وبہبود اوالین ترجیح ہے،ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل دیقینی بنائیں گے،پنجاب بھر کے 100ہسپتالوں کی تعمیر ومرمت کا کام 31جنوری تک مکمل کرلیا جائے گا،750تھانوں میں بہتری کےلئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ،ان کا کہناتھا کہ ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،عوام کو صحت کی سہولتوں کیلئے اقدامات جاری ہے،جنرل ہسپتال کی بلڈنگ کے مختلف حصوں پر کام جاری ہے،راوی پل پر ایل ڈی اے کی پوری ٹیم لگی ہوئی ہے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا، روڈ کی ایک سائیڈ کا پل مکمل ہوگیا،وزیراعلیٰ نے تعمیر ہونے والے فلائی اوور کا معائنہ کیا ،محسن نقوی پیدل چل کر پل پر گئے اورپھر ڈالے کو خود ڈرائیو کر کے پل کے اوپرتک گئے اوربننے والے پل سے پورے منصوبے کے تعمیراتی کاموں کامعائنہ کیا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کالج روڈ کی تعمیر وبحالی بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پل پر اسفالٹ ڈالنے کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔ 
محسن نقوی نے فلائی اوورز کی دوسری سائیڈ کو جلد ازجلد مکمل کرنے کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ فلائی اوورز کو نومبر کے وسط تک ٹریفک کیلئے کھول دیاجائے گا۔
کمشنر لاہورو ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ پر جاری پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی،کنٹریکٹر نے منصوبے کی تکمیل اورتعمیراتی سرگرمیوں کے بارے آگاہ کیا، صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو،ڈپٹی کمشنر، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: فرخ حبیب کو آئی پی پی میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان