عالمی بینک نے پاکستان کی ترقی میں بطور ایک اہم شراکت دار کلیدی کردار ادا کیا،وزیرِاعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی بینک نے پاکستان کی ترقی میں بطور ایک اہم شراکت دار کلیدی کردار ادا کیا،عالمی بینک کی جانب سے کنٹری پارٹرنرشپ کی 20 ارب ڈالر سے زائد کی ترقیاتی سرمایہ کاری کیلئے شکر گزار ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کے وفد نےمینجنگ ڈائیریکٹر آپریشنز اینا بیئرڈہ (Anna Bjerde) کی قیادت میں ملاقات کی،وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کیا ۔
ملاقات میں پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائیریکٹر ناجے بینحسین کے علاوہ وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، مشیر وزیرِ اعظم ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر شیری رحمان، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور متعلقہ اعلی حکام نے بھی شرکت کی.
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ عالمی بینک نے پاکستان کی ترقی میں بطور ایک اہم شراکت دار کلیدی کردار ادا کیا،عالمی بینک کی جانب سے کنٹری پارٹرنرشپ جس کی بدولت پاکستان میں 20 ارب ڈالر سے زائد کی ترقیاتی سرمایہ کاری ہوگی کیلئے عالمی بینک کے شکر گزار ہیں،حکومت عالمی بینک کی ترقیاتی سرمایہ کاری کے ثمرات کے حصول کیلئے عملی اقدامات یقینی بنا رہی ہے.
وزیرِاعظم نے کہاکہ 2022 میں پاکستان میں سیلاب سے لاکھوں لوگوں کا روزگار اور املاک متاثر ہوئیں،عالمی بینک نے 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان میں متاثرین کی مدد کی۔
عالمی بینک کی مینجنگ ڈائیریکٹر نے پاکستان کی جانب سے ان کی مہمان نوازی پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت اور ورلڈ بینک گروپ کے مابین تاریخی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،پاکستان اور عالمی بینک کے مابین شراکت داری کی مضبوطی اور کنٹری پارٹنرشپ پروگرام کیلئے مؤثر کردار ادا کرنے پر وزیرِ اعظم کے خصوصی شکر گزار ہیں،پاکستان کی معاشی شعبے میں حالیہ کارکرگی اور استحکام مثالی ہے،پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام کیلئے مثبت اقدامات سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا.
مینجنگ ڈائیریکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عالمی بینک کے مابین کنٹری پارٹنر شپ کے مثبت نتائج کیلئے تعاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں،وزیرِ اعظم کی قیادت و پاکستانی عوام کی ترقی کیلئے عزم، دیرپا و پائیدار ترقی کیلئے پالیسیوں کے تسلسل بالخصوص سیاسی سطح پر تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا اور ملکی پائیدار ترقی کیلئے صحیح ترجیحات کا تعین عالمی بینک کیلئے دوسرے ممالک میں پارٹنرشپ فریم ورک کیلئے قابل تقلید مثال بن گیا ہے،وزیر اعظم کی شاندار اور مؤثر قیادت کی بدولت کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کو دنیا میں پاکستان ماڈل کا نام منصوب کیا جا رہا ہے.
مینجنگ ڈائیریکٹر ورلڈ بینک کا مزید کہنا تھا کہ پر امید ہیں کہ وزیرِ اعظم کا عملی اقدامات پر زور اس پارٹنرشپ فریم ورک کو کامیابی سے ہمکنار کر ے گا.
یہ بھی پڑھیں: جناح ایئرپورٹ پر انوائرمنٹل کنٹرول کمیٹی کا اجلاس،صفائی اور پرندوں سے بچاؤ پر زور