ناروے کا گیس پیداوار بڑھانے کا اعلان، یورپ کو توانائی سپلائی میں اضافہ متوقع
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک ) ناروے کی توانائی کمپنی ایکوئنور اور اس کے شراکت داروں نے ملک کے بڑے آف شور ٹرول گیس فیلڈ سے قدرتی گیس کی پیداوار بڑھانے کے لیے نئی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کمپنی اور اس کے پارٹنرز تقریباً 4 ارب نارویجن کراؤن (410 ملین ڈالر) کی سرمایہ کاری سے ایک نیا سب سی بیسڈ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ شروع کریں گے، جس کا مقصد گیس کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔
یہ منصوبہ 2028 میں پیداوار شروع کرنے کی توقع رکھتا ہے اور ابتدائی طور پر ناروے کی یومیہ گیس پیداوار میں 2 سے 2.5 ملین کیوبک میٹر اضافہ کرے گا۔
یاد رہے کہ ناروے یورپ کا سب سے بڑا قدرتی گیس سپلائر ہے اور براعظم یورپ کی تقریباً 30 فیصد گیس کی ضروریات پوری کرتا ہے جبکہ ٹرول فیلڈ ملک کا سب سے بڑا گیس ذخیرہ سمجھا جاتا ہے۔
ایکوئنور کے مطابق یہ توسیعی منصوبہ گیس کی مجموعی پیداوار میں تقریباً 11 ارب معیاری کیوبک میٹر اضافہ کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران مذاکرات ! تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی
کمپنی نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت موجودہ انفراسٹرکچر کے بہتر استعمال اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے لاگت کم کرنے اور پیداوار تیز کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
منصوبے میں شراکت دار کمپنیوں میں پیٹورو، شیل، ٹوٹل انرجیز اور کونکو فلپس بھی شامل ہیں۔
توانائی ماہرین کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپ توانائی کے متبادل ذرائع اور گیس سپلائی میں استحکام کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔
منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد یورپ کو گیس سپلائی میں مزید استحکام ملنے کی توقع ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عالمی توانائی مارکیٹس پہلے ہی جغرافیائی کشیدگی کے باعث دباؤ کا شکار ہیں۔