ایران نے امریکا سے جنگ کے خاتمے کیلئے نئی شرائط پیش کر دیں 

Sep 21, 2026 | 10:51:AM
ایران نے امریکا سے جنگ کے خاتمے کیلئے نئی شرائط پیش کر دیں 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )ایران کے سیکیورٹی چیف محسن رضائی نے امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے تہران کی نئی شرائط سامنے رکھ دیں۔

عرب میڈیا کو خصوصی انٹرویو میں محسن رضائی نے بتایا ہے کہ ایران نے قطری ثالثوں کے ذریعے اپنی شرائط امریکا تک پہنچا دی ہیں، تہران جنگ کے ابتدائی 40 دنوں کے مقابلے میں اب زیادہ جنگی تجربہ رکھتا ہے اور امریکا کا زیادہ طاقت ور اور تکلیف دہ حملوں سے مقابلہ کیا جائے گا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی آبنائے ہرمز کی بندش برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک امریکا اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کرتا، آبنائے ہرمز دوبارہ نہیں کھولی جائے گی۔

ایران کی نئی شرائط میں جنگ کا خاتمہ، دونوں ممالک کی خود مختاری کا احترام، ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت، بحری ناکہ بندی ختم کرنا اور ایران کے منجمد اثاثے بحال کرنا شامل ہیں۔

  یہ بھی پڑھیں:امریکا نے کوئی غلطی کی تو تمام امریکی اڈّوں پر حملے ہوں گے: ایران 
 جون میں طے پانے والے مفاہمتی معاہدے میں جنگ کا تمام محاذوں پر خاتمہ، ایران کے لیے 300 ارب ڈالرز کے امریکی تعاون سے تعمیرِ نو کے منصوبے، ایرانی تیل کی برآمدات کے لیے پابندیوں میں نرمی اور خطے میں مزید امریکی فوجی تعینات نہ کرنے کی شرائط شامل تھیں۔

ایرانی سیکیورٹی چیف نے اس بار امریکا سے جنگی ہرجانے کا مطالبہ نہیں کیا، تاہم جوہری پروگرام کے حوالے سے کہا ہے کہ ایران نے اب تک جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق پابندی برقرار رکھی ہے، لیکن مستقبل میں صورتِ حال تبدیل ہو سکتی ہے۔

محسن رضائی نے یمن کی جنگ میں ایرانی مداخلت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران یمن اور سعودی عرب کے درمیان امن کے لیے ثالثی میں مدد کر سکتا ہے۔

 انہوں نے آبنائے باب المندب کو بند کرنے کے امکان کو بھی مسترد کر دیا۔

دوسری جانب امریکا نے تاحال ایران کی نئی شرائط پر باضابطہ ردِعمل نہیں دیا ہے۔

امریکی حکام نے خطے کے متعدد ممالک میں موجود اپنے شہریوں کو سیکیورٹی صورتِحال کے پیشِ نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔