عوام کا اعتماد بحال کرنا ایک چیلنج ہے،گڈگورننس سامنے رکھیں گے؛وزیراعظم آزاد کشمیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(سفیر رضا) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ اپنی گڈ گورننس کو عوام کے سامنے رکھیں گے،عوام سے دور رہنے کیوجہ سے عوام ہم سے دور ہوئے،عوام کا اعتما د بحال کرنا ایک چیلنج ہے۔
آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی سربراہی میں پہلا کابینہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھورنےخطاب کیا۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چییرمین بلاول بھٹو زرداری کا مظفراباد آمد کا خیر مقدم کیا،ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اورفریال تالپور کے اعتماد پر ان کا شکر گزار ہوں،وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے آزاد کشمیر میں دانش سکولوں کے سنگ بنیاد اور مزید اعلانات کا خیر مقدم کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایک لمحہ ضائع کیے بغیر جلد از جلد درست سمت میں آگے بڑھیں، ہمارے اسلاف نے جو نظام ہمیں دیا ہے اسی پر چل کر ہی مسائل کو حل کیاجاسکتا ہے،گزشتہ حکومت کے اچھے کاموں کو بھی جاری رکھیں گے،جو چیز یں گزشتہ حکومت میں التوا کا شکار رہیں ان کو فاسٹ ٹریک کیا جائےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام سے دور رہنے کیوجہ سے عوام ہم سے دور ہوئے،عوام کا اعتما د بحال کرنا ایک چیلنج ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیرکا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ کابینہ اراکین کے تعاون سے چیزوں کو مثبت سمت لیکر آگے بڑھیں گے،وزرا کو محکمہ الاٹ کر دیے تاکہ ایک لمحہ بھی ضائع نہ ہو۔
فیصل ممتاز راٹھورکا مزید کہناتھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،تحریک ازادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔