بھارت کا لڑاکا طیارہ دبئی ایئر شو کے دوران گر کر تباہ

Nov 21, 2025 | 15:47:PM
بھارت کا لڑاکا طیارہ دبئی ایئر شو کے دوران گر کر تباہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)دبئی میں جاری ائیر شو میں بھارتی لڑاکا طیارہ کریش کر گیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی ایئر شو میں  مظاہرے کے دوران  بھارتی تیجس لڑاکا طیارہ جمعہ کی سہ پہر گر کر تباہ ہو ا۔

طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 10 منٹ پر ایک بڑے ہجوم کے سامنے فضائی نمائش کرتے ہوئے گر گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرنے والے طیارے کے پائلٹس کے بارے میں معلومات لی جا رہی ہیں اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گرا یا پھر پائلٹ کی ناتجرکاری کی وجہ سے گرا۔

بھارتی ائیر فورس نے بھی دبئی ائیر شو کے دوران مقامی طور پر تیار ہونے والے لڑاکا طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

دبئی ائیر شو کے دوران لڑاکا طیاروں کے مظاہرے کا سیشن شائقین کا پسندیدہ ترین ایونٹ ہوتا ہے تاہم بھارتی لڑاکا طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے بعد یہ ایونٹ روک دیا گیا ہے۔

دوسری طرف دبئی ایئر شو میں بھارتی سٹال کے باہر ہنگامی سکیورٹی بڑھا دی گئی جبکہ مظاہرے کے دوران طیارہ کریش ہونے پر مظاہرہ دیکھنے کے لیے آئی شخصیات کو واپس نمائش ہال میں بھجوا دیا گیا۔

بھارتی دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ دبئی ایئر شو میں حادثہ بھارت کی دفاعی صنعت کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی دبئی ائیر شو کے دوران بھارتی لڑاکا طیارے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں تیجاس طیارے کے فیول ٹینک سے تیل لیک ہوتے دیکھا گیا تھا۔