تاریخ میں پہلی بار گوجرانوالہ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس، وزیر اعلیٰ کا 4 پراجیکٹس کا اعلان

Nov 21, 2023 | 10:24:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(دُرِ نایاب) لاہور، ملتان، فیصل آباد او رراولپنڈی کے بعد تاریخ میں پہلی بار گوجرانوالہ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا، وزیر اعلی محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے لئے 4 پراجیکٹس کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کمشنر آفس گوجرانوالہ میں صوبائی کابینہ کے32 ویں اجلاس کی صدارت کی، وزیر اعلی محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے لئے 4 پراجیکٹس کا اعلان کر دیا، صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور اعلیٰ حکام کی اجلاس میں شرکت کی،  کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے گوجرانوالہ ڈویژن میں عوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا بے نقاب

پنجاب کابینہ نے گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 4ہزار روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی، امدادی قیمت میں اضافے سے کاشتکارو ں کوریلیف ملے گا، دوران سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کے لئے مالی امداد کے پیکیج میں اضافے، فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کے لیے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی، اب آرٹسٹ انڈوومنٹ فنڈ سے مستحق فنکاروں کی معاونت کی جائے گی۔ 

کابینہ نے لاہور میں دل کا ایک اور ہسپتال بنانے، جناح ہسپتال لاہورکے ایمرجنسی اینڈ ٹراما سینٹر کی جگہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنانے، میو ہسپتال کی 7 برس سے بند سی ٹی سکین مشین کو آپریشنل کرنے کے لئے فنڈز کے اجراء کرنے،  ٹرانسپور ٹ گاڑیوں کی انسپکشن  فیس میں نظرثانی کرنے، پنجاب حکومت  اپنے وسائل سے پی ایس ڈی پی کی سکیم کے تحت سرگودھا میانوالی روڈ کی تعمیر و بحالی لئے اضافی فنڈز فراہم کرنے،  گوجرانوالہ میں 2 ماڈل قبرستان کے قیام، ڈسکہ میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے محکمہ آبپاشی کی ریکوری پر عدم اطمینان کا اظہار کرتےہوئے ریکوری بہتر بنانے کے لئے موثر مینجمنٹ اور پلاننگ کی ہدایت جاری کر دیں۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ گوجرانوالہ میں سبزی منڈی اور گوالہ کالونی بنائی جائے گی، ڈی پی ایس گوجرانوالہ کے لئے 24 نئے کلاس رومز بنائے جائیں گے۔