آزاد کشمیر میں تین نئی سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن، رجسٹریشن کی مدت میں دس روز کی توسیع

May 21, 2026 | 20:58:PM
  آزاد کشمیر میں تین نئی سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن، رجسٹریشن کی مدت میں دس روز کی توسیع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)   آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے تین نئی سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔  یہ تین سیاسی جماعتیں آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں انتخابی نشان کے ساتھ حصہ لے سکیں گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق " جموں و کشمیر عوامی دست و بازو"  پارٹی کو سیاسی جماعت کے طور پر رجسٹر کر لیا گیا  ہے۔ "قومی اتحاد پارٹی" آزاد جموں و کشمیر   کو  بھی سیاسی جماعت کی حیثیت سے  رجسٹریشن دے دی گئی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) آزاد جموں و کشمیر کی بھی رجسٹریشن ہو گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ تین نئی سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کا عمل عدالتِ عالیہ کے فیصلے اور الیکشنز  ایکٹ 2020 کی روشنی میں مکمل کیا گیا۔

 الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر میں نئی سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کے لئے درخواستین دینے کے لئے  آخری تاریخ میں 10 روز کی توسیع بھی کر دی ہے۔

نئی سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن اب 10 جون 2026 تک ہو سکے گی۔

رجسٹریشن کروانے کی خواہش مند نئی سیاسی جماعتوں کو  الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق ڈاکیومنٹیشن مکمل کرنے کے لیئے مزید دس روز کی مہلت دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعت کی ھیثیت سے رجسٹریشن کروانے کی خواہشمند جماعتوں کے نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ تمام مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ درخواستیں جمع کروائیں۔

الیکشن کمیشن نے 33 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کئے جانے کے متعلق افواہ کو  گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دے دیا اور بتایا کہ  الیکشن کمیشن نے کسی بھی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن منسوخ نہیں کی۔ 

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ سابقہ رجسٹریشنز عدالت عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں ختم ہوئی تھیں۔  موجودہ رجسٹریشن کا عمل عدالت عالیہ کے فیصلے اور الیکشنز ایکٹ 2020 کے مطابق جاری ہے۔ 

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔  انتخابی نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے قانونی تقاضے بروقت مکمل کیے جا رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیئے:  آزاد کشمیر میں برق رفتار ترقی کے نئے ریکارڈز کا بلاول بھٹو فیصل ممتاز ملاقات میں جائزہ