پاک چین دوستی میں دراڑ ڈالنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے:محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی

May 21, 2026 | 12:42:PM
پاک چین دوستی میں دراڑ ڈالنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے:محسن نقوی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد  دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین فولادی عزم اور لازوال دوستی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،پاک چین دوستی میں دراڑ ڈالنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

محسن نقوی نے چین کے صدر شی جن پنگ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور چینی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کے 75 سال بے مثال اعتماد، لازوال محبت اور مخلصانہ تعاون کی روشن داستان ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 سالہ تکمیل ایک تاریخی اور سنگ میل حیثیت رکھتی ہے، چین پاکستان کا سب سے قابل اعتماد اور ہر آزمائش میں ساتھ دینے والا اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی حالات میں تبدیلیوں کے باوجود پاک چین “فولادی عزم” اور دوستی میں کوئی فرق نہیں آیا۔ دفاعی تعاون سے لے کر اقتصادی شراکت داری تک دونوں ممالک کے تعلقات خطے میں استحکام اور ترقی کی مثال ہیں۔

وزیر داخلہ کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور پائیدار ترقی کا عملی ثبوت ہے، قدرتی آفات اور عالمی وباؤں کے دوران چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دے کر بھائی چارے کو مضبوط کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کیلئے پُرعزم ہے:وزیراعظم

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے دونوں ممالک کا مؤقف ہمیشہ یکساں رہا ہےاور پاک چین دوستی پہلے سے زیادہ مضبوط، گہری اور ناقابل شکست ہو چکی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک چین تاریخی اور مثالی دوستی میں دراڑ ڈالنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔