یوسف رضا گیلانی نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھال لیا

May 21, 2024 | 09:37:AM
یوسف رضا گیلانی نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھال لیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان)صدر مملکت آصف علی زرداری کے نجی دورے پر متحدہ عرب امارات جانے کے بعد چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھال لیا۔

 ایوان صدر سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ صدر نے یوسف رضا گیلانی کو قائم مقام صدر مقرر کر دیا ہے، اسی طرح ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ایوان بالا میں قائم مقام چیئرمین کے فرائض انجام دیں گے،ذرائع کے مطابق  صدر آصف علی زرداری نجی دورے پر دبئی روانہ ہو گئے، وہ 4 سے 5 دن میں وطن واپس آ جائیں گے،عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد یوسف رضا گیلانی نے دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد کیلئے ملائیشیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔

ملائیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری عبدالرحمن بن ایوب نے اپنے وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں قائم مقام صدر سے ملاقات کی، یوسف رضا گیلانی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تمام بین الاقوامی فورمز پر خوشگوار تعاون ہے، جسے دونوں فریقوں کے مفاد کیلئے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

ملاقات کے دوران قائم مقام صدر نے دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کیلئے بحری شعبوں میں تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں بحری افواج کے درمیان تربیتی اور تبادلے کے پروگراموں سے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان بحری تعاون کو مزید تقویت ملے گی،یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ بحری مشقوں اور تربیتی تعاون کے باقاعدہ انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:  پرویز الٰہی کو لاہور ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا