پاک چین سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ،محسن نقوی کی چینی قونصلیٹ آمد

May 21, 2023 | 18:35:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی رامے)پاکستان اورچین کے سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی چینی قونصلیٹ آمد ہوئی ،محسن نقوی نے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین (Mr. Zhao Shiren) سے ملاقات کی اور پاک چین سفارتی تعلقات کے72سال مکمل ہونے پرچینی قونصل جنرل کو مبارکباد دی اورکیک کاٹا۔
چینی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر،معروف صنعتکار گوہر اعجاز اورمیاں احسن بھی ہمراہ تھے،ملاقات میں تجارتی ومعاشی تعلقات کو فرو غ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاکہ زراعت،ہیلتھ کیئر،ٹیکنالوجی اورتعلیم کے شعبوں میں چین کے تعاون سے استفادہ کریں گے،پاک چین تعلقات کا نیاسال دونوں ممالک کے درمیان زندگی کے تمام شعبوں میں تعاون کی مزید نئی راہیں کھولے گا، پاکستان اورچین ایک روشن کل کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ضرورت کے وقت چین کی غیر متزلزل حمایت پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، چین ہمارا ہر موسم کا دوست،مضبوط شراکت دار اور قابل اعتماد پڑوسی ثابت ہوا ہے، پاکستان کی ترقی میں چین کے انمول تعاون کی دل سے قدر کرتے ہیں ۔
محسن نقوی نے کہاکہ علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں سی پیک کی ایک سنگ میل ثابت ہورہا ہے ، حکومت پنجاب مختلف شعبوں میں چین کی حمایت اور تعاون پر شکرگزار ہے۔چینی قونصل جنرل نے کہاکہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہر طرح کا تعاون جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مزید پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں چل سکتا؛ عثمان ترکئی نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا