قتل کئے گئے مقتولین کے درمیان کوئی ازدواجی رشتہ نہیں تھا: سرفراز بگٹی
کسی قاتل کیلئے کوئی ہمدردی نہیں، ریاست ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی رہی , مقتولہ بانو بی بی پہلے سے شادی شدہ اور پانچ بچوں کی ماں تھی اور مقتول احسان اللہ بھی شادی شدہ تھا, جرگوں کی آڑ میں قتل جیسے جرائم کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے: پریس کانفرنس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قتل کئے گئے مقتولین کے درمیان کوئی ازدواجی رشتہ نہیں تھا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےوزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اس کیس میں جو بھی ملوث ہو گا اس کو گرفتار کریں گے اور قرار واقعی سزا دیں گے، کسی کو یہ اختیار نہیں کہ کسی کو بھی قتل کرے، ریاست اس کیس میں ان دو مظلوموں کے ساتھ ہے جن کا قتل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی قاتل کیلئے کوئی ہمدردی نہیں، ریاست ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اس کیس میں بھی ریاست مظلومین کے ساتھ ہے، انہوں نے متعلقہ ڈی ایس پی کو معطل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قبائلی سردار سردار شیرباز خان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے،انہوں نے واضح کیا کہ حکومت واقعے کی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کرا رہی ہے۔
سرفراز بگٹی نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس قتل کو نوبیاہتا جوڑے کا قتل قرار دیا جارہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مقتولہ بانو بی بی پہلے سے شادی شدہ اور پانچ بچوں کی ماں تھی اور مقتول احسان اللہ بھی شادی شدہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’’جمعہ سے سپلائی معطل‘‘ ملک بھر کی گھی اور تیل ملیں بند ؟
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ وکٹم بلیمنگ (متاثرین کو موردِ الزام ٹھہرانے) کی روش پر نہیں چلیں گے، ان کا کہنا تھا کہ کسی کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ ذاتی فیصلے کرتے ہوئے کسی کو قتل کردے۔ سرفراز بگٹی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جرگوں کی آڑ میں قتل جیسے جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گےاور حکومت ایسے غیرقانونی جرگوں کے خلاف مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقتولین کے لواحقین اب تک ایف آئی آر درج کرانے کو تیار نہیں، لیکن اس کے باوجود ریاستی سطح پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ آئندہ بھی ایسے جرگوں کی حمایت نہیں کی جائے گی، بلکہ آئینی و قانونی طریقہ کار ہی اپنایا جائے گا،انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کیس میں تمام ملوث افراد کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور انصاف ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی،ویڈیو میں مسلح افراد نامعلوم مقام پر ایک خاتون اور مرد پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دکھائی دے رہے تھے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر ایک خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیا تھا، غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ عیدالاضحیٰ کے قریب کا واقعہ ہے، اب تک لاشیں برآمد نہیں ہوئیں، علاقے میں اس وقت سی ٹی ڈی اور پولیس موجود ہے۔