پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں: گوہر اعجاز 

پاکستانی ہمارے بھائی ہیں ان کیلئے دروازے کھلے ہیں: سعودی وزیر تجارت

Feb 21, 2024 | 18:28:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم) نگران وزیر صنعت و تجارت  گوہر اعجاز  کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ سرمایہ کاری کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، سعودی عرب کے ساتھ تجارت بڑھانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز نے سعودی وزارتِ تجارت کا دورہ کیا، سعودی وزیر تجارت ماجد الکسبی نے وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز کا سعودی وزارت تجارت میں استقبال کیا، وزیر تجارت گوہر اعجاز کی سعودی وزیر تجارت سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، وزیر پنجاب ایس ایم تنویر ، عارف حبیب ، محمد علی ٹبہ اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام بھی ملاقات میں شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل  میں کمی

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے خاص کر تعمیرات ، ڈیجیٹل ایکانومی اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

نگران وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز  کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے معروف نام سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب برادر اسلامی ملک ہیں، سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے بھر پور کوشش کی جارہی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ سرمایہ کاری کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

سعودی وزیر تجارت ماجد الکسبی کا دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گوہر اعجاز نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے خصوصی ذاتی دلچسپی لی، پاکستانی ہمارے بھائی ہیں ، ان کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب میں ملازمتوں کے وسیع مواقع موجود ہیں، سعودی عرب کی معیشت تبدیل ہورہی ہے۔