وزیراعلیٰ پنجاب کادورہ سرگودھا ، زیادتی کاشکار بچی کے والدین سے ملاقات

Nov 20, 2023 | 21:41:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(درنایاب)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سرگودھا میں معصوم بچی کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک سانحہ کی وجہ سے سر شرم سے جھک گئے،یقین دلاتا ہوں کہ ملزم کو جلدی اورکڑی سزا دلوانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سرگودھا ٹوانہ پارک میں زیادتی کا شکار بچی کے والدین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کا ارتکاب درندہ صفت لوگ ہی کرسکتے ہیں،ایسادرندہ صفت ملزم عبرتناک سزا کاحقدار ہے،معصوم بچی پر ظلم کرنے والا سفاک ملزم قانون کے تحت قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائے گا۔ 
محسن نقوی نے کہاکہ میں مظلوم خاندان کے ساتھ ہمدردی کیلئے آیا ہوں اور پنجاب حکومت اس خاندان کے ساتھ ہے،مظلوم خاندان کی داد رسی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔
ان کا کہناتھا کہ بہترین ڈاکٹر اورعلاج معالجے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے،متاثرہ بچی کی طبیعت میں بہتری ہے،ان کاکہناتھا کہ پولیس نے بہتر ین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں ملزم گرفتار کرلیا،حکومت افسوسناک سانحہ کاتیزترین ٹرائل کرائے گی،فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے،یقین دلاتا ہوں کہ ملزم کو جلدی اورکڑی سزا دلوانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ محسن نقوی نے کہاکہ بچوں سے زیادتی اورتشدد کے واقعات میں روز بروز اضافہ تشویشناک ہے،علماکرام اپنا کردارادا کرے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سرگودھا پہنچے اورڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا،انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور بھی ہمراہ تھے،وزیراعلیٰ نے سرگودھا کے نواحی علاقے ٹوانہ پارک میں زیادتی کا نشانہ بننے والی معصوم بچی کی والدہ اورچچاسے ملاقات کی اور والدہ اور اہل خانہ کی دل جوئی کی اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے معصوم بچی کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی اور شفقت کا اظہار کیا،بچی کے علاج کیلئے ڈاکٹرز کو ضروری ہدایات دیں۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کی ابتک کی بڑی وکٹ گر گئی