سہیل آفریدی نے پشاور رنگ روڈ کے ہزار خوانی انٹرسیکشن پر 6 لینز کے اوور پاس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک رحمان) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ میرا پاسپورٹ تو بلاک ہے، دوسرے صوبے کی وزیر اعلیٰ 12 ارب کے طیارے پر بیرون ملک دورے کر رہی ہیں۔
سہیل آفریدی نے یہ بات پشاور رنگ روڈ کے ہزار خوانی انٹرسیکشن پر 1.257 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 6 لینز پر مشتمل اوور پاس کا سنگِ بنیاد رکھتے ہوئے کہی۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ منصوبے کے تحت فلائی اوورز، انڈر پاسز، لنک روڈز، سٹریٹ لائٹنگ، صاف پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے جبکہ مرحلہ وار بجلی اور مواصلاتی تاریں بھی زیر زمین منتقل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح، ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور مالی سال 2026-27 کا بجٹ عوامی ضروریات اور ترقیاتی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت کے خلاف کرپشن کے الزامات کے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے، جبکہ تمام تر دباؤ کے باوجود وہ اور ان کی جماعت اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں خیبر پختونخوا حکومت کو بدنام کرنا چاہتی ہیں۔ اور میرے خلاف پروپیگنڈے کیے گئے۔ تاہم عوام نے ان لوگوں کے پروپیگنڈے کو ناکام بنایا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پر کرپشن کے بے جا الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ جس کے پاس کرپشن کے ثبوت ہوں سامنے لے کر آئے۔ اور کرپشن کے ثبوت پیش کرنے والوں کے لیے وزیر اعلی ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ 9 مئی: متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10،10 سال قید کی سزا ، شاہ محمود قریشی بری
سہیل آفریدی نے کہا کہ میرا پاسپورٹ بلاک ہے لیکن دوسرے صوبے کی وزیر اعلیٰ 12 ارب کے طیارے پر دوسرے ممالک کے دورے کر رہی ہیں۔ مجھے میڈیا پر ایک منٹ کا وقت نہیں دیا جاتا لیکن دوسرے صوبے کے وزرائے اعلی کی گھنٹوں کوریج ہوتی ہیں۔ پنجاب میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ ہمارے قائدین کے کاروبار تباہ کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔