پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا حکومت کے یومیہ قیمتوں کے تعین کا خیر مقدم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز )وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ہوئی جس کے دوران پیٹرولیم ڈیلرز نے یومیہ قیمتوں کے نظام کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی پالیسی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
چیف ایڈوائزر پی پی ڈی اےملک خدا بخش نے آبنائے ہرمز بحران کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی پر حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم قلت کے باوجود پاکستان میں ایندھن کی فراہمی مؤثر انداز میں برقرار رہی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کا نیا نظام سات روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی ہوگا،ہفتہ وار قیمتوں کا سابقہ نظام بھی سات روزہ اوسط قیمت پر مبنی تھا، یومیہ قیمتوں سے شفافیت بڑھے گی، مارکیٹ میں بگاڑ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز اور او ایم سیز کے مابین ضوابط کی تیاری میں پیٹرولیم ڈیلرز کو شامل کیا جائے،ڈیلرز کی آراء کو قواعد و ضوابط کی تیاری میں شامل کیا جائے گا، پی پی ڈی اے کی جانب سے ڈیلرز مارجن 8 فیصد کرنے کے مطالبہ پر وفاقی وزیر نے غور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ڈیلرز کے مارجن اور دیگر امور پر پی پی ڈی اے اور اوگرا کی میٹنگ کل ارینج کروائی ہے، وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت پر پی پی ڈی اے کی قیادت کا شکریہ ادا کیا، انھوں نے کہا کہ حکومت شفاف، مسابقتی اور صارف دوست پیٹرولیم مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ پی پی ڈی اے کے وفد میں چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش، راجہ وسیم کیانی، چوہدری ظفر الٰہی، بابر علی چوہدری اور چوہدری فیصل عارف شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں :جوڈیشل کمیشن نے4ایڈیشنل ججز کی مستقلی کی منظوری دے دی