چیئرمین انٹر بورڈ کراچی دوران امتحانات ہی عہدے سےفارغ

Jul 20, 2023 | 09:25:AM
چیئرمین انٹر بورڈ کراچی دوران امتحانات ہی عہدے سےفارغ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)چیئرمین انٹر بورڈ کراچی ڈاکٹر سعید الدین کو قبل از وقت ہی عہدے سے فارغ کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ ڈاکٹر سعید الدین کو دوران امتحانات عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم میمن کو دو سال کے لیے عہدے کا چارج دے دیا گیا ہے،چیئرمین انٹر بورڈ ڈاکٹر سعید الدین کو چند روز قبل حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کا وائس چانسلر تعینات کیا گیا تھا مگر گیارہویں جماعت کے امتحانات جاری ہونے اور بارہویں جماعت کے نتائج  تیاری کے مراحل میں ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر سعید الدین نے حیدرآباد یونیورسٹی کو تاحال جوائن نہیں کیا تھا۔

 ذرائع کا کہنا ہےکہ سیکرٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹیز نے وزیر تعلیم سندھ اسماعیل راہو سے مشاورت اور منظوری کے بعد لاڑکانہ بورڈ کے چیئرمین کو 2 سال کے لیے کراچی کا چارج دے دیا ،ماہرین تعلیم نے اس انداز میں چیئرمین کو ہٹانے پر کہا ہے کہ دوران امتحانات چیئرمین کی تبدیلی امتحانات و نتائج پر اثر انداز ہو گی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمینز کی مدت ملازمت ختم ہونے کے باوجود وہاں کوئی چیئرمین نہیں لگایا گیا جبکہ سندھ ٹیکنیکل بورڈ کراچی اور حیدرآباد بورڈ کے چیئرمین بغیر نوٹیفکیشن کام کر رہے ہیں جو قابل تشویش ہے ،بے نظیر آباد بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق کے پاس کئی سال سے سکرنڈ یونیورسٹی کا چارج بھی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر سعید الدین کو سیاسی شخصیات نے حیدرآباد یونیورسٹی کا وائس چانسلر بننے سے روکا تھا مگر سرچ کمیٹی کے ذریعے نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے اور صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے انٹرویو میں کلیئر ہونے کے بعد انہیں حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کا چار سال کی مدت کے لیے وی سی لگایا گیا۔