کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ پھر موسلادھار بارش،اورنگی ٹاؤن میں3 منزلہ عمارت گر گئی

Aug 20, 2025 | 09:35:AM
کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ پھر موسلادھار بارش،اورنگی ٹاؤن میں3 منزلہ عمارت گر گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(رمشا اسمائیل)کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار   بارش دوبارہ ہو گئی ۔

 تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار   بارش دوبارہ ہو گئی ،صدر ٹاون، بزرٹہ لائن میں تیز بارش جاری ہے جس سےسڑکوں پر پانی پھر جمع ہو گیا ، شاہ فیصل کالونی میں ہلکی بارش،سندھی مسلم سوسائٹی اور طارق روڈ کے اطراف میں بھی  بارش  سے جل تھل ایک ہو  گیا ۔

شاہراہ فیصل اور کالا پل پر موسلادھار  بارش سے پانی جمع ہو گیا ۔ موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق  شمالی بحیرۂ عرب کے اوپر 2  مختلف مون سون کے سسٹم ہیں، ایک جنوب مشرق کیٹی بندر کے قریب اور دوسرا کچ ریجن کے اوپر ہے، ایک  نمایاں کم دباؤ وسطی بھارت کے اوپر موجود ہے۔

 موسمیاتی تجزیہ کار کا بتانا ہے کہ اس سسٹم کے زیر اثر  آج بھی جنوب مشرقی اور زیریں سندھ میں مسلسل گرج چمک کے بادل بنتے رہیں گے ۔

 یہ بھی پڑھیں:جی ایچ کیو حملہ کیس ،عدالت  نےبڑا فیصلہ سنا دیا

 انجم نذیرضیغم کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کے شمال مشرق میں گرج چمک کے بادل موجود ہیں، سندھ میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، کلاؤڈ برسٹ پہاڑی علاقوں میں ہوتا ہے۔

اورنگی ٹاؤن میں 3 منزلہ عمارت منہدم، 7 افراد زخمی
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تین منزلہ عمارت گرنے سے کم از کم سات افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے، جن میں ایک شخص جھلسنے کے باعث شدید زخمی ہوا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے شبہ ہے کہ عمارت میں گیس لیکیج موجود تھی، اور جب پنکھے کا سوئچ آن کیا گیا تو دھماکے کے ساتھ عمارت زمین بوس ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید چھان بین جاری ہے، جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

 اس قبل گزشتہ روز بھی مون سون کے طاقتور سسٹم   سے کراچی پانی پانی ہو گیا تھا ،  شہریوں  نے رات سڑکوں پر گزاری   تھی۔حادثات اور کرنٹ لگنے کے باعث 11 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔شہریوں نے رات سڑکوں پر گزاری، کئی گاڑیاں سڑکوں پر پر چھوڑ کر پیدل گھر گئے۔ 

 14 گھنٹے بعد بھی ریڈ زون سے پانی نہ نکالا جاسکا 

 بارش کے بعد رات گزر گئی لیکن  14 گھنٹے بعد بھی کراچی کے ریڈ زون میں پانی موجود ہے۔ 

کراچی میں ایوان صدر اور ضیاء الدین احمد روڈ سے پانی نہ نکالا جا سکا۔ ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ کا ایک ٹریک کل سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔ 

ضیاءالدین احمد روڈ اور ایوان صدر سے پانی نکالنےکی کوشش بھی نہیں کی گئی، شاہین کمپلیکس سے آرٹس کونسل کے ایم آر کیانی روڈ پر بھی برساتی پانی موجود ہے۔

رپورٹس کے مطابق کل کی بارش کے بعد موٹرسائیکل سوار آج بھی اس پانی سے گزرنے پر مجبور ہیں۔

 گورنر ہاوس کے اطراف بھی پانی جمع,شاہین کمپلیکس سے آرٹس کونسل روڈ تک پانی موجود  ہے۔

 شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی ،ادارے الرٹ

محکمہ موسمیات نے 22 اگست تک سندھ، بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کے طاقتور سلسلے ملک میں داخل ہو رہے ہیں جن کا زیادہ اثر جنوبی حصوں پر ہوگا۔

 کئی علاقوں میں 16گھنٹے سے بجلی بند
 کراچی کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوسکی، شہری گرمی اور حبس سے بلبلا اٹھے۔

بارش کے بعد پیدا ہونے والی حبس کی صورتحال سے شہری پریشان ہیں، بجلی کی فراہمی منقطع ہوئےکئی گھنٹے گزرچکے ہیں۔ 

کراچی میں منگل کی صبح سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد شہر کے 550 فیڈرز پر بجلی کی فراہمی معطل ہے۔کئی علاقوں میں 16 گھنٹے سے بجلی بند ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 2100 میں سے1550 سےزائد فیڈرز سےبجلی کی فراہمی جاری ہے۔

حادثات میں 11اموات، آج عام تعطیل

 کراچی میں بارش نے تباہی مچادی، رات بھر مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش  کا سلسلہ جاری رہا، مختلف حادثات میں 11 افراد کی اموات، شہر میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل کراچی میں بارش منگل کی نسبت زیادہ ہوگی، کئی انڈر پاسز میں اب بھی پانی جمع ہے۔

لاہور میں بارش سے موسم خوشگوار

لاہور میں رات سے وقفے وقفے سے جاری بارش  سےموسم خوشگوار ہوگیا۔ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی اور حبس کی کیفیت ختم ہوگئی۔لاہور میں آئندہ 24گھنٹے میں مزید بارش ہوگی،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بادل برسنے کی توقع   ہے ۔