آزاد کشمیر انتخابات 2026: جمعیت علمائے جموں و کشمیر کا مسلم لیگ ن سے الحاق کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(زاہد بشیر چودھری )آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026 کیلئے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی مؤثر حکمتِ عملی کے نتیجے میں ن لیگ ایک بڑی سیاسی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران جمعیت علمائے جموں و کشمیر (جے یو جے کے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ اپنا سابقہ انتخابی اتحاد ختم کر کے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ باضابطہ انتخابی اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور امیر جمعیت علمائے جموں و کشمیر مولانا امتیاز احمد صدیقی سمیت دیگر اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جمعیت علمائے جموں و کشمیر مولانا امتیاز احمد صدیقی نے پی ٹی آئی سے ناتا توڑنے کی تصدیق کی اور اعلان کیا کہ جمعیت علمائے جموں و کشمیر آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرے گی، اس اہم ترین سیاسی اعلان پر تقریب میں موجود کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا جنہوں نے ’’اللہ اکبر‘‘ اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگا کر اس فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے جمعیت علمائے جموں و کشمیر کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ن لیگ کی عوامی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، علما کے اس اتحاد کے بعد آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک نئی صف بندی کا آغاز ہو گیا ہے، ماہرین کا ماننا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے جموں و کشمیر کا یہ اشتراک آئندہ عام انتخابات کے نتائج پر گہرے اثرات مرتب کرے گا اور ن لیگ کی پوزیشن کو مزید مستحکم بنائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے