منشیات کیس: انمول پنکی کیخلاف تحقیقات میں اہم پیش رفت، ایس ایس پی معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عاجز جمالی )کراچی میں منشیات کیس میں گرفتار انمول پنکی سے متعلق معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جبکہ متعلقہ کیس کے ضلعی ایس ایس پی کو معطل کر دیا گیا ہے۔
حکومت سندھ نے سٹی ڈسٹرکٹ کے ایس ایس پی سید علی حسن کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ذرائع کے مطابق معطلی کا فیصلہ وزیر داخلہ سندھ کی ہدایت پر کیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ انمول عرف ’’پنکی کیس‘‘ حالیہ دنوں میں کراچی اور لاہور میں سامنے آنے والا ایک ہائی پروفائل منشیات نیٹ ورک کیس ہے، جس میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمہ ایک منظم ڈرگ سپلائی نیٹ ورک چلا رہی تھی۔

کراچی پولیس نے انمول عرف پنکی کو منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار کیا، عدالت نے ابتدائی طور پر اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا،پولیس کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے مہنگی منشیات، خصوصاً کوکین، اور منشیات تیار کرنے کا سامان برآمد ہوا، عدالت میں اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی جمع کرائی گئی۔
تفتیش میں یہ دعویٰ سامنے آیا کہ ملزمہ آن لائن آرڈرز کے ذریعے منشیات فروخت کرتی تھی اور ترسیل کے لیے رائیڈرز استعمال کیے جاتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے روابط کراچی، لاہور اور دیگر شہروں تک پھیلے ہوئے ہیں، جبکہ بعض غیر ملکی افراد کے ملوث ہونے کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
کیس میں مالیاتی تحقیقات بھی جاری ہیں، پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزمہ کے مبینہ اکاؤنٹنٹس کے بینک اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز سامنے آئی ہیں،انمول پنکی کے خلاف قتل سے متعلق ایک مقدمہ بھی سامنے آیا، جس میں ایک نشے کے عادی شخص کی ہلاکت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب ملزمہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گرفتاری غیر قانونی تھی اور پولیس نے جھوٹے مقدمات قائم کیے۔ وکیل کے مطابق ملزمہ کی صحت سے متعلق مسائل بھی عدالت میں اٹھائے گئے، حالیہ پیش رفت میں کراچی کی سیشن عدالت نے انمول پنکی کے خلاف 9 منشیات مقدمات میں دیا گیا جوڈیشل ریمانڈ کالعدم قرار دیا اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں :وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے