ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک پر خصوصی کمیٹی میں طلبی کیخلاف کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی

Jun 19, 2023 | 10:51:AM
 ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک پر خصوصی کمیٹی میں طلبی کیخلاف کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احتشام کیانی) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک پر خصوصی کمیٹی میں طلبی کیخلاف کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی ہو گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی، اٹارنی جنرل اور عدالتی معاون بیرسٹر اعتزاز احسن، درخواست گزار کے وکیل سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس بابر ستار نے بیرسٹر اعتزاز احسن اور دیگر کو عدالتی معاون مقرر کر رکھا ہے جن میں میاں رضا ربانی، مخدوم علی خان اور بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا شامل ہیں۔ عدالت نے عدالتی معاونین سے آڈیو ریکارڈنگ کے معاملے پر معاونت طلب کر رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول کیساتھ گیس بھی سستی؟

اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔ اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ میں زیر بحث سوالات پر فیصلے کا انتظار کر لیا جائے۔ جس کے بعد عدالتی معاون بیرسٹر اعتزاز احسن روسٹرم پر آ ئے۔

فاضل جج نے اٹارنی جنرل کو چار ہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل صاحب جواب کی کاپیاں فریقین کو بھی فراہم کریں۔

عدالت نے سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی خصوصی کمیٹی میں طلبی کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔