’’دی کراؤن‘‘ میں بوسے کاسین شوٹ کروانے میں مشکل ہوئی، ہمایوں سعید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں نیٹ فلیکس کی ویب سیریز ’’دی کراؤن‘‘ کی عکس بندی کے دوران سب سے زیادہ مشکل بوسہ لینے کا منظر شوٹ کروانے کے دوران پیش آئی۔
ہمایوں سعید نے برطانوی شاہی خاندان پر بنائی گئی ویب سیریز ’’دی کراؤن‘‘ کے پانچویں سیزن میں پاکستانی ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کیا تھا، جس کا مبینہ طور پر لیڈی ڈیانا سے معاشقہ رہا تھا اور ویب سیریز میں ہمایوں سعید نے لیڈی ڈیانا بننے والی اداکارہ الزبیتھ ڈبنکی کو بوسہ بھی دیا تھا۔
ہمایوں سعید نے تین سال بعد نجی ٹی وی کی پوڈکاسٹ میں ویب سیریز میں کام ملنے اور اس میں کام کرنے کے تجربے پر کھل کر گفتگو کی اور بتایا کہ کورونا کے لاک ڈاؤن کے دوران ہی ان سے ویب سیریز میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا اور اس وقت انہیں بھی کورونا تھا،کورونا کی وجہ سے انہیں 102 بخار بھی تھا لیکن انہوں نے اپنا آڈیشن ریکارڈ کرکے بھیجا۔
ہمایوں سعیدنے بتایاکہ انہیں ایک ایجنٹ نے ویب سیریز میں کام کی پیشکش کی لیکن منتخب کرنے سے پہلے ان کے آڈیشن لیے گئے اور انہوں نے آن لائن آڈیشن دیئے اور آڈیشن کے20 دن بعد انہیں مبارک باد کی کال کی گئی۔
انہوں نے ’’دی کراؤن‘‘ کی پوری ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو بخوبی سمجھتے ہیں، ہر کوئی ان سے پہلے ہی شوٹنگ سیٹ پر موجود ہوتا تھا، ان کی کوشش ہوتی تھی کہ وہ سب سے پہلے سیٹ پر پہنچیں لیکن وہاں پہنچنے کے بعد انہیں معلوم ہوتا کہ سب ان سے پہلے پہنچے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان فلم’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی
ہمایوں سعید نے بتایا کہ انہیں سب سے زیادہ مشکل بوسے کا منظر شوٹ کرواتے وقت پیش آئی اور انہوں نے پہلے ہی ٹیم کو بتایا کہ پاکستان میں اس طرح کا کام نہیں ہوتا، ان کے لیے مسئلہ ہوگا، ان کی بات سن کر سب پریشان ہوگئے لیکن ان کے ساتھ لیڈی ڈیانا کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ الزبیتھ ڈبنکی نے ان کا حوصلہ بڑھایا، ان کی تعریفیں کیں، ان کے قریب ہوئیں اور انہیں آرام دہ محسوس کروانے کے بعد ہی منظر کو شوٹ کیا گیا۔