یورپی سکھوں کی گورودوارہ کرتار پور صاحب کی یاترا ، شاندار انتظامات کی تعریفیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اشفاق ربانی) کرتارپور گردوارہ میں یورپ سے تعلق رکھنے والے 37 سکھ یاتریوں کے وفد نے یاترا کی۔ خواتین اور مرد یاتری بس کے ذریعے دربار صاحب پہنچے جہاں انہوں نے انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ حاضری دی۔
شکرگڑھ میں بابا گرو نانک کے دربار کرتارپور گردوارہ میں یورپی سکھوں کے 37رکنی وفد کی آمد ہوئی ۔ یاتریوں نے دربار صاحب کے احاطے کا دورہ کیا۔ انہوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اور بابا گرو نانک دیو جی سے منسوب تاریخی کھیتوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کھیتوں میں لہلہاتی ہوئی گندم کی فصل دیکھی، وہاں تصاویر بنائیں اور اس روح پرور ماحول کو اپنے کیمروں میں محفوظ کیا۔ وفد کے اراکین کا کہنا تھا کہ یہ مقام ان کے لیے بے حد مقدس اور روحانی اہمیت کا حامل ہے۔
دورے کے دوران یاتریوں نے لنگر ہال میں اجتماعی طور پر لنگر بھی تناول کیا۔
انہوں نے دربار صاحب میں کیے گئے شاندار انتظامات، صفائی ستھرائی، سکیورٹی اور مہمان نوازی کو سراہا۔ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان آمد اور کرتارپور یاترا ان کے لیے ایک یادگار اور روحانی طور پر پُرسکون تجربہ ثابت ہوئی۔
انہوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے روحانی روابط اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملتا رہے گا۔

