معروف پروگرام نورِ سحر میں"خواب کی حقیقت اور تعبیر" بصیرت افروز نشست
جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ "انسانی زندگی میں خوابوں کو ایک خاص مقام حاصل ہے،نبی کریم ﷺ نے فرمایا: خواب نبوت کا چھیالیسواں حصہ ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)معروف علمی و روحانی پروگرام نورِ سحر کے تحت ایک بصیرت افروز نشست کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع "خواب کی حقیقت اور تعبیر"تھا۔
میزبان جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ "انسانی زندگی میں خوابوں کو ایک خاص مقام حاصل ہے، نبی کریم ﷺ نے فرمایا: خواب نبوت کا چھیالیسواں حصہ ہے۔
انہوں نے کہابعض خواب اتنے سچے اور بامعنی ہوتے ہیں کہ وہ تاریخ کا رخ موڑ دیتے ہیں، جیسے حضرت یوسف علیہ السلام، حضرت ابراہیم علیہ السلام اور سیدہ امِ سلمہ رضی اللہ عنہا کے خواب۔
پروفیسر ڈاکٹر مجاہد احمد نے "رحمانی، نفسانی اور شیطانی خواب" کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نفسانی خواب انسان کے دن بھر کے خیالات اور خواہشات کا عکس ہوتے ہیں، جبکہ رحمانی خواب الٰہی پیغام کا ذریعہ ہوتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا خواب جس میں قربانی کا حکم ملا، ایک رحمانی خواب تھا اور اسی خواب کی بنیاد پر ایک عظیم دینی فریضہ قربانی مسلمانوں پر واجب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ انبیاء کے خواب سچے اور شریعت کا درجہ رکھتے ہیں، مگر عام افراد یا اولیائے کاملین کے خواب دوسروں کے لیے حجت نہیں ہوتے۔
انہوں نےبتایا کہ اذان، باجماعت نماز، اور وضو جیسے کئی احکامات خوابوں کی صورت میں نازل ہوئے۔
ماہرِ نفسیات تہمینہ یاسر نے ہیلوسینیشنز: حقیقت یا وہم کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ "خواب دراصل دماغ کی نیند کے دوران کی گئی پروسیسنگ کا نتیجہ ہوتے ہیں،ہمارا ذہن نیند کے دوران دن بھر کی معلومات کو ترتیب دیتا ہے۔ خواب کی حالت میں بعض افراد ایسی چیزیں محسوس کرتے ہیں جو حقیقت میں موجود نہیں ہوتیں، مگر ان کا ذہن انہیں سچ مان لیتا ہے۔
علامہ احسن اویس مصطفوی نے کہا کہ خواب کے وجود کا مطلق انکار کفر کے مترادف ہے کیونکہ قرآن مجید اور احادیثِ مبارکہ میں خوابوں کا بارہا تذکرہ موجود ہے،حضور اکرم ﷺ کا معمول تھا کہ فجر کی نماز کے بعد صحابہؓ سے ان کے خوابوں کے متعلق پوچھتے اور خود بھی خواب بیان فرماتے۔
انہوں نے کہا کہ سچے خواب اور بشارات اللہ تعالیٰ کی رحمت کا مظہر ہیں، جبکہ جھوٹے خواب شیطانی یا نفسانی وساوس کی پیداوار ہوتے ہیں،نیک خواب اللہ کی محبت کی خوشبو ہیں اور یاد رکھنا چاہیے کہ تعبیر صرف خواب کی نہیں، بلکہ خواب دیکھنے والے کی بھی ہوتی ہے۔