آٹے کا بحران سر اُٹھانے لگا، قیمتوں میں مزید اضافہ

Sep 17, 2022 | 10:59:AM
آٹے کا بحران سر اُٹھانے لگا، قیمتوں میں مزید اضافہ
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے جس کے باعث ایک نیا بحران سر اٹھانے کو تیار ہے۔

حالیہ دنوں میں ملک بھر میں مہنگائی کی شدید لہر ریکارڈ کی گئی جہاں گھی اور چینی جیسی بنیادی چیزوں کے دام بھی عام آدی کی پہنچ سے دور ہوچکے ہیں وہیں اب آٹے کا بحران بھی سر اٹھانے لگا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا جس کے بعد  فی کلو آٹا 120 روپے ہو گیا جب کہ چکی کا آٹا 100روپے فی کلو سے 110روپے ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق 80 کلو آٹے کی بوری 8 ہزار 8 سو روپے سے بڑھ کر 9 ہزار روپے ہو گئی جب کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ آٹا ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پنجاب سے ترسیل شروع نہ ہوئی تو بحران کی کیفیت پیدا ہو جائے گی۔ صوبائی حکومت سے پنجاب سے ترسیل بحال کرانے کے لیے مدد کی اپیل کرتے ہیں ۔

دوسری جانب راولپنڈی میں بھی گندم اور آٹے کی قیمتیں بے قابو ہو چکی ہیں جہاں گندم کا سرکاری نرخ 3000 روپے من جبکہ عام مارکیٹ میں 3550 سے 3800 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ فلور ملز نے آٹے کے اپنے اپنے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں 20 کلو تھیلا 1620 سے 1670 تک پہنچ گیا ہے۔ آٹا چکی مالکان نے ایک ہی دن میں فی کلو آٹا میں 25 روپے اضافہ کردیا ہے جب کہ چکی آٹے کی نئی قیمت 125 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ کریانہ اور ہول سیلرز نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کو تشویشناک قرار دے دیا۔

یہ بھی پڑھیے: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ نہ ہو سکا، اہم اعلان آج متوقع