حضرت داتا گنج بخش کے 979 ویں عرس کی تقریبات کا آخری روز

Sep 17, 2022 | 09:40:AM
حضرت داتا گنج بخش کے 979 ویں عرس کی تقریبات کا آخری روز
کیپشن: دربار حضرت داتا گنج بخش (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) حضرت داتا گنج بخش کے 979 ویں عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا اختتام آج ہوگا۔

اس موقع پر ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں زائرین و عقیدت مند داتا دربار پہنچے۔

حضرت علی ہجویری تقریباً ایک ہزار سال قبل افغانستان سے لاہور تشریف لائے اور بھا ٹی دروازے کے قریب قیام فرمایا۔ اپنے اخلاق اور حُسنِ کردار سے غیر مسلموں کو گرویدۂ اسلام کیا۔ ان کی بے مثل تصنیف کشف المحجوب تصوف پر سند قرار دی جاتی ہے۔

15 سے 17 ستمبر تک جاری رہنے والی عرس کی تقریبات کے دوران قرأت، نعت خوانی اور سماع کی محفلیں عروج پر رہیں۔

صوفی بزرگ علی ہجویریؒ کے عرس پر لنگر کے انتظامات قابل دید رہے۔ دودھ کی سبیلیں بھی لگائی گئیں اور مٹھائیوں اور دیگر اشیاء کی دکانیں بھی سجائی گئیں۔

عرس پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ملک بھر سے آنیوالے زائرین اورعقیدت مندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر 3 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ 4 ایس پیز، 7 ڈی ایس پیز، 46 ایس ایچ اوز، 261 اَپر سب آرڈینیٹس اور 93 لیڈیز پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ زائرین کو تین درجاتی چیکنگ میکانزم سے مکمل تلاشی کے بعد ہی احاطہ مزار میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

سی سی پی او کے مطابق چیکنگ کے لیے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک بیرئیرز کا استعمال یقینی بنایا گیا جبکہ مزار حضرت داتا صاحب اور بلند عمارتوں پر سنائپرز بھی تعینات رہے جو اطراف کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھے ہوئے تھے۔