ایف آئی اے کراچی کی کارروائی، خواتین بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام

Mar 17, 2026 | 17:40:PM
ایف آئی اے کراچی کی کارروائی، خواتین بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ کارروائی ڈائریکٹر کراچی زون اور ڈپٹی ڈائریکٹر اے ایچ ٹی سی کراچی کی ہدایات پر کی گئی، مصدقہ اطلاع پر پاسپورٹ آفس صدر کراچی کے قریب دو ہوٹلوں پر چھاپہ مارا گیا، کارروائی کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی 33 خواتین کو حراست میں لیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خواتین کے ہمراہ انسانی اسمگلرز اور ایجنٹس کو بھی گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 29 پاسپورٹس اور دیگر متعلقہ مواد برآمد ہوا۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ خواتین کو وزٹ ویزا کے بہانے متحدہ عرب امارات بھجوایا جا رہا تھا، خواتین کو جسم فروشی اور جنسی استحصال کیلئے استعمال کرنے کا منصوبہ تھا۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف تین الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، ملزمان ضیاء الحق، امتیاز علی، فرمان علی اور سکینہ بی بی کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مقدمات پریوینشن آف ٹریفکنگ ان پرسنز ایکٹ 2018 کے تحت درج کیے گئے ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری