پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے معاہدہ طے پا گیا

Jul 17, 2025 | 21:06:PM
پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے معاہدہ طے پا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) کابل میں نائب آباد–خرلاچی ریلوے لنک پر مشترکہ فزیبلٹی سٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط ہو گئے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تفصیلات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کر دیں،ان کاکہناتھا کہ میں پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے عوام اور حکومتوں کو مشترکہ فزیبلٹی سٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کی مبارکباد دیتا ہوں۔

یہ معاہدہ نائب آباد–خرلاچی ریلوے لنک پر مشترکہ فزیبلٹی سٹڈی کے فریم ورک کے حوالے سے ہے،یہ معاہدہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان (UAP) ریلوے کوریڈور کے تحت کیا گیا ہے۔

نائب وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں ازبکستان کے وزیر خارجہ سیدوف اور افغانستان کے وزیر خارجہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں،انہوں نے اس معاہدے پر بروقت دستخط کیلئے بھرپور حمایت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔

ہم نے اس معاہدے کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کیلئے مذاکراتی عمل کے دوران قریبی رابطہ اور مشاورت برقرار رکھی،ان کاکہناتھا کہ ازبکستان- افغانستان- پاکستان ریلوے کوریڈور، علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم سنگِ میل ہے، یہ وسطی ایشیائی ممالک کو افغانستان کے ذریعے پاکستانی بندرگاہوں سے جوڑے گا۔

نائب وزیراعظم نے کہاکہ آج کے معاہدے پر دستخط دراصل سابقہ پی ڈی ایم حکومت کی قیادت اور عزم کا نتیجہ ہیں،جب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مجھے بطور وزیر خزانہ اس منصوبے پر برادر ممالک کے ساتھ کام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی،ہم نے مل کر اس انقلابی منصوبے کی بنیاد رکھی،یہ منصوبہ پورے خطے کیلئے ترقی اور رابطے کا ذریعہ بنے گا۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں بڑی پیشرفت، سپیکر نے معطل ارکان سے متعلق فیصلہ سنا دیا