ایران میں تاریخی خشک سالی، بارش کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ کا آغاز

Nov 16, 2025 | 23:04:PM
ایران میں تاریخی خشک سالی، بارش کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ کا آغاز
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )ایران نے عشروں کی بدترین خشک سالی سے نمٹنے کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ کے ذریعے مصنوعی بارش برسانے کا عمل شروع کردیا ہے۔ سرکاری خبر ایجنسی ایرنا کے مطابق یہ کارروائی ہفتے کو بحیرہ اُرمیہ کے بیسن کے اوپر کی گئی۔

بحیرہ اُرمیہ جو ایران کی سب سے بڑی جھیل ہے، بڑی حد تک خشک ہوچکی ہے اور اب وہاں وسیع نمک زار پھیل چکا ہے، آئندہ دنوں میں مشرقی اور مغربی آذربائیجان میں بھی یہ عمل جاری رکھا جائے گا۔

ملک میں بارش کی شرح ریکارڈ حد تک کم ہے اور ذخائر تقریباً خالی ہونے کے قریب ہیں۔ گزشتہ ہفتے صدر مسعود پزیشکیان نے خبردار کیا تھا کہ اگر جلد بارش نہ ہوئی تو تہران میں پانی کی راشننگ شروع کرنا پڑ سکتی ہے اور شہریوں کو دارالحکومت سے منتقل بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

کلاؤڈ سیڈنگ میں مخصوص کیمیکل سالٹس، جیسے سلور یا پوٹاشیم آئیوڈائیڈ، ہوائی جہاز یا زمینی جنریٹرز کے ذریعے بادلوں میں داخل کیے جاتے ہیں تاکہ آبی بخارات آسانی سے بارش کی شکل اختیار کر سکیں۔ یہ تکنیک کئی دہائیوں سے استعمال ہو رہی ہے اور متحدہ عرب امارات بھی اسے پانی کی قلت دور کرنے کے لیے اپنا چکا ہے۔

ایران کے محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال بارشیں طویل المدتی اوسط کے مقابلے میں تقریباً 89 فیصد کم رہیں۔ ادارے نے کہا کہ ملک اس وقت گزشتہ 50 برس کی خشک ترین خزاں سے گزر رہا ہے۔

حکام نے اعلان کیا ہے کہ اضافی پانی استعمال کرنے والے گھروں اور کاروباروں پر جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔ موسمیاتی بحران کے قومی مرکز کے سربراہ احمد وظیفہ نے بتایا کہ تہران، مغربی آذربائیجان، مشرقی آذربائیجان اور مرکزی صوبے کے ڈیمز کی صورت حال تشویشناک ہے اور ان میں پانی کی سطح سنگل ڈیجٹس میں ہے۔

جمعہ کو تہران کی ایک مسجد میں شہری بارش کے لیے خصوصی دعاؤں میں شریک ہوئے۔ ہفتے کو مغربی اور شمال مغربی علاقوں میں کچھ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دارالحکومت کے شمال میں واقع ایک اسکی ریزورٹ پر اس سال کی پہلی برف باری بھی دیکھی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :اسرائیل کی شکایت اقوام متحدہ کو لگائیں گے :لبنان