خواتین سب سے پہلے اپنی عزتِ نفس، خوشی اور ذات کو ترجیح دیں؛فرحان سعید
اپنی شناخت اور ذہنی سکون قربان کرکے کسی تعلق کو بچانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف گلوکار و اداکار فرحان سعید نے مردوں کے عمومی رویے کے حوالے بیان دے کر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ۔
فرحان سعید نے حال ہی میں اپنی آنے والی فلم کی تشہیر کے سلسلے میں ایک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اداکارہ مامیا شاہ جعفر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مردوں کے عمومی رویّے پر تبصرہ کیا۔
گفتگو کے دوران جب مامیا نے کہا کہ اکثر لڑکے جھوٹے وعدوں اور دھوکے سے رشتوں کو نقصان پہنچاتے ہیں تو فرحان سعید نے بے ساختہ انداز میں کہا کہ صرف چند نہیں بلکہ زیادہ تر مرد فراڈ ہوتے ہیں۔
اداکار نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی رشتے میں سب سے پہلے اپنی عزتِ نفس، خوشی اور ذات کو ترجیح دیں،خواتین کو اپنی شناخت اور ذہنی سکون قربان کرکے کسی تعلق کو بچانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
فرحان سعید نے کہا کہ اکثر خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ وہ اپنی محبت یا قربانی سے کسی مرد کی شخصیت بدل سکتی ہیں، لیکن حقیقت میں ایسا بہت کم ہوتا ہے، خواتین کو ’’کسی کو بچانے‘‘ والے رویّے سے باہر نکلنا ہوگا کیونکہ اس سوچ میں سب سے زیادہ نقصان خود خواتین کو اٹھانا پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حرا مانی اپنے لباس کے باعث پھر سوشل میڈیا پر تنقید کانشانہ بن گئیں
انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ بعض مرد بھی تعلقات میں چالاک خواتین کے باعث متاثر ہوتے ہیں، تاہم عمومی طور پر خواتین ہی زیادہ جذباتی نقصان اٹھاتی ہیں۔