صحافی اسد طور کی ضمانت منظور، رہائی کیلئے روبکار جاری

Mar 16, 2024 | 12:41:PM
صحافی اسد طور کی ضمانت منظور، رہائی کیلئے روبکار جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) خصوصی عدالت نے صحافی اسد طور کی اداروں کیخلاف مہم چلانے کے کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی اور انھیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد ہمایوں دلاور نے اداروں کیخلاف مہم چلانے کے کیس میں صحافی اسد طور کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

اسد طور کے وکلاء ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ ایف آئی اے سپیشل پراسیکیوٹر سید اشفاق حسین شاہ بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

کیس کے تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت کے روبرو پیش ہوئے، وکیل ہادی علی چٹھہ نے سپریم کورٹ کی آبزرویشن عدالت میں جمع کروائی، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر اور سپیشل پراسیکیوٹر ایف ائی اے سے استفسار کیا کہ کیا یہ آبزرویشن درست ہے؟

جس پر ایف ائی اے سپیشل پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ جی یہ آبزرویشن درست ہے، عدالت نے اسد طور کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی، اسپیشل جج ہمایوں دلاور نے پانچ ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکرتے ہوئے اسد طور کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

اسپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے کہا انہیں اسد طور کی ضمانت منظور کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔

اسپیشل جج سینٹرل نے صحافی اسد طورکی رہائی کے روبکار جاری کردیے ہیں اور صحافی اسد طور کی رہائی کے روبکار جیل سپرنٹنڈنٹ کوبھیج دیے گئے ہیں۔