پنجاب حکومت نے فنکاروں کی مالی امداد میں 100 فیصد اضافہ کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز )پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں فنکاروں کی مالی امداد میں 100 فیصد اضافہ کر دیا ہے، جبکہ فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی بحالی کے لیے تاریخی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق پنجاب میں فلم اور ڈرامہ کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی قانون سازی ’’پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ‘‘ منظور کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 50 ایکڑ رقبے پر جدید فلم سٹی قائم کی جائے گی، جس کے لیے 55 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
فلم سٹی میں عالمی معیار کے اسٹوڈیوز، ساؤنڈ اسٹیجز، وی ایف ایکس سہولیات، پوسٹ پروڈکشن لیبارٹریز اور دیگر جدید تکنیکی انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان کا پہلا فلم اسکول قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو فلم سازی اور میڈیا کے شعبے میں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا سکے۔
ثقافت کے شعبے میں آئندہ مالی سال کے دوران متعدد نئے منصوبے متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے، جن میں الحمرا آرٹس کونسل کی نگرانی میں نجی شعبے کے تعاون سے تھیٹر ریوائیول پروگرام بھی شامل ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے ایکسائز اور ٹیکسیشن کے شعبے میں بھی نمایاں اہداف مقرر کیے ہیں۔ ایکسائز کا بجٹ 77 ارب روپے سے بڑھا کر 124 ارب روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ مالی سال 2026-27 میں پراپرٹی ٹیکس، موٹر ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس اور دیگر محصولات کی مد میں 60 فیصد سے زائد اضافے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
رواں مالی سال کے لیے ابتدائی طور پر 70 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں بڑھا کر 77 ارب 22 کروڑ روپے کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق موجودہ مالی سال کے دوران اب تک 70 ارب روپے سے زائد کی وصولیاں کی جا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :ریسکیو ایمرجنسی کیلئے ترقیاتی بجٹ کی تجاویز سامنے آ گئیں