وزیر اعظم کامحکموں کی کارکردگی کو جانچنے کا فیصلہ، PIA کی انگلینڈ پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہر وزارت کا ہر دو ماہ بعد جائزہ لے کر ان کی پرفارمنس جانچیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی وزارت کی کارکردگی خراب ہوئی تو تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے ایک جاندار ادارہ بن چکا ہے، حالیہ بارشوں سے متعلق این ڈی ایم اے حکام سے میٹنگ کی۔ وفاقی وزیر داخلہ، صوبائی، آزاد کشمیر میں حکومتوں نے بہترین انتطامات کیے.
یہ بھی پڑھیں:غلام سرور کے جرائم میں بانی پی ٹی آئی برابر کے شریک ، خواجہ آصف نے بڑا الزام عائد کر دیا
انہوں نے کہا کہ بارشوں سے کئی قیمتیں جانوں کا نقصان ہوا۔ سوات میں بھی ایک دلخراش اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، سانحہ سوات سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے۔ آئندہ ایسے سانحے سے بچنے کےلیے مؤثر اقدامات اور تیاری ضروری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے پر چاروں صوبوں کے ساتھ میٹنگ بلائی جائے گی۔
اسٹاک ایکسچینج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچا ہے، اسٹاک ایکسچینج میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانوی ایئر سیفٹی بورڈ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے لیڈران کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے ماضی میں پاکستانی پروازوں پر پابندیاں لگیں اور ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا، برطانیہ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندیوں کا ختم ہونا برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے باعث اطمینان ہے۔
پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پی آئی اے کی پروازوں کا دوبارہ آغاز ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، وزیراعظم نے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزارت دفاع اور ایویئیشن ڈویژن کی کاوشوں کی پذیرائی کی ۔اس مثبت پیشرفت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ میں اضافہ ہو گا اور برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔