پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے خود پارٹی میں تقسیم قائم کی ہے :سلیم بخاری 

Jul 16, 2025 | 00:38:AM
پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے خود پارٹی میں تقسیم قائم کی ہے :سلیم بخاری 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (فرخ احمد) معروف تجزیہ کار سلیم بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو تقسیم کرنے کا کام خود پارٹی رہنمائوں نے ہی انجام دیا ہے ، جوکام  حکومت نہیں کر سکی جو کام الیکشن کمیشن نہیں کر سکا  جو کام عدالتوں کے ذریعے نہیں کر سکے  ،وہ کام پارٹی کے بڑے  کرنے پر تلے  ہوئے ہیں ،پارٹی میں تقسیم کی کوششیں  کس کس نے نہیں کی ہے،لیکن یہ جو پارٹی  کے اند ر موجود اختلافات ہیں  یہ دو تین طریقوں سے ہم تک پہنچے ہیں۔

24 نیوز کے پروگرام میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے سلیم بخاری نے کہا کہ کے پی میں علی امین گنڈا پور کی حکومت میں تقسیم بلکل واضح ہے،  اس میں کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں،گنڈا پور ایک طرف کھڑے ہیں ، جنید اکبر الگ سائیڈ پر کھڑے ہیں   ، بشریٰ بی بی کا الگ دھڑا ہے ،علیمہ خانم کی اپنی رائے ہے۔

سلیم بخاری نے کہا کہ جو پارٹی کے تحریک چلانےکی بات ہے تو اس میں جو اختلافات ہمارے سامنے آرہے ہیں اس نے تو پارٹی کی بنیادیں ہی ہلا کر رکھ دی ہیں۔اس وجہ سے بانی پی ٹی آئی سخت نالاں نظر آتے ہیں، انہوں نے پارٹی کو سخت ہدایات دی ہیں اور کہا ہے کہ  میں سب کو دیکھ لوں گا کس میں ہمت ہے جو میری مرضی کے خلاف بات کی۔ 

انھوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے رہنماوں کے درمیان ایک کھچڑی سی پک رہی ہے، اب اللہ ہی خیر کرے,اب جو صورتحال سامنے آرہی ہے وہ اچھے  امکانات نہیں ہیں۔سینٹ کے الیکشن حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیسی بات ہے کہ پارٹی کے اندر اتنی کشمکش  ہے کہ   پارٹی کے دھڑے  دو الگ الگ امیدواروں کی فہرست لیے پھر رہے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے بھی اس بات  کا اقرار کیا ہے  کہ ان میں سے بھی ایک لسٹ جعلی ہے ، اس کی چیزیں پارٹی پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں۔

بانی تحریک انصاف کے بیٹوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بخاری صاحب نے کہا کہ بانی کے بیٹے شائد ہی پاکستان آئیں کیونکہ انکی ماں نے پاکستان کے حالات کو بھابپتے ہوئے ہچکچاہٹ کا اظہار کر دیا ہے ، اور اس حوالے سے حکومت کے اندر بھی مختلف آراء  پائی جاتی ہیں۔

رانا  ثناءاللہ اور  عرفان صدیقی  کے بیانات بھی  سامنے ہیں بخاری صاحب نے کہا کہ ان کو آنا چاہیے لیکن ان کو انتشاری سیاست میں نہیں آنا چاہیے اور ان کو اس قسم کی سیاست سے دور رہنا ہوگا ورنہ وہ قانون کی گرفت میں آسکتے ہیں۔

سلیم بخاری نے  اسرائیل ، فلسطین تنازع پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب غزہ میں جاری جنگ ایک حساس مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی حکومت میں شامل ایک سخت گیر اتحادی جماعت نے علیحدگی کا اعلان کر دیا ۔ اس کے نتیجے میں حکومت کی پوزیشن کمزور ہو گئی، جو اب معمولی اکثریت پر قائم ہے۔

پٹرول اور چینی کے بحران پر بات کرتے ہوئے  انھوں نے  رائے دی کہ حکومت نے خود کشی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے کیونکہ پندرہ دن پہلے تو پٹرول کی قیمتوں میں ساڑھےآٹھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اب پھر حکومت مزید اضافہ کرنے کا سوچ رہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں :سونا 700 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 59 ہزار روپے فی تولہ ہوگیا