شبِ معراج کا بابرکت موقع الّلہ تعالیٰ کے قرب کی عظیم علامت ہے:صدر مملکت،وزیراعظم

Jan 16, 2026 | 18:30:PM
شبِ معراج کا بابرکت موقع الّلہ تعالیٰ کے قرب کی عظیم علامت ہے:صدر مملکت،وزیراعظم
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شبِ معراج کا بابرکت موقع پوری امت مسلمہ کےلئے روحانی بلندی، کامل ایمان اور الّلہ تعالیٰ کے قرب کی عظیم علامت ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شب معراج کے موقع پر اپنے پیغام کہا کہ اس مقدس رات الّلہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد مصطفیٰﷺ کو وہ عظیم الشان اعزاز عطا فرمایا جو انسانی فہم سے بالاتر ہے اور جو اہل ایمان کےلئے سرچشمۂ ہدایت بنا رہے گا۔ 

انھوں نے کہا کہ واقعۂ معراج ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ پختہ ایمان، صبر اور اطاعت کے ذریعے انسان بلند ترین اخلاقی اور روحانی درجات تک پہنچ سکتا ہے۔ یہ ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ آزمائشیں اور مشکلات عارضی ہوتی ہیں جبکہ الّلہ تعالیٰ کی رحمت اور نصرت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ شب معراج کو اُمت مسلمہ کو نماز کا تحفہ عطا کیا گیا جو خالق اور بندے کے درمیان براہ راست اور مسلسل تعلق قائم کرتی ہے۔ نماز محض عبادت نہیں بلکہ یہ نظم و ضبط، کردار سازی اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کا ذریعہ ہے جو ایک منصفانہ اور متوازن معاشرے کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔

اس موقع پر میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ شب معراج کے پیغام کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائے تاکہ ہم برداشت، قانون کی بالادستی، سماجی انصاف اور انسانیت کے لئے ہمدردی کو فروغ دے سکیں۔ ہم میں سے ہر ایک کو ایک ایسی ریاست کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جہاں امن، صبر اور اخلاقی اقدار ہماری قومی شناخت ہوں۔

 ایک ایسے وقت میں جب دنیا اور بالخصوص امت مسلمہ کو پیچیدہ فکری، سماجی اور انسانی چیلنجز کا سامنا ہے، شب معراج اتحاد، استقامت اور امید کا پیغام دیتی ہے۔ یہ بابرکت رات ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مشترکہ چیلنجز سے صرف یکجہتی اور اخلاقی عزم کے ذریعے ہی نمٹا جاسکتا ہے۔

میں الّلہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ پاکستان کو امن و سلامتی، قومی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی عطا فرمائے اور ہمیں ایک مضبوط، باوقار اور فلاحی ریاست کے طور پر آگے بڑھنے کی توفیق دے۔ الّلہ تعالیٰ ہمیں شبِ معراج کے پیغام کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اسے آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب معراج کے بابرکت اور روح پرور موقع پر دل کی گہرائیوں سے اظہار تہنیت پیش کرتا ہوں،  اللہ تعالیٰ اس مبارک شب کی مذہبی اہمیت اور روحانی قدر و منزلت سے  مسلمانوں کو مستفید ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔ 

انھوں نے کہا کہ شبِ معراج اُمتِ مسلمہ کے لیے عظیم الشان روحانی اور ایمانی اہمیت کی حامل رات ہے، جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد ﷺ کو معراج کا شرف عطا فرمایا۔ یہ رات ہمیں ایمان کی مضبوطی، عبادت کی اہمیت، صبر، تقویٰ اور اللہ تعالیٰ سے قربت کا درس دیتی ہے۔ یہ شب مسلمانوں کے لیۓ ایمان میں ثابت قدمی، صبر و استقامت ، اللہ کی اطاعت، اور بلند کردار کی اہمیت کو بھی اُجاگر کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شبِ معراج ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ نماز مومن کی معراج ہے اور اس کے ذریعے فرد اور معاشرہ اخلاقی، روحانی اور عملی طور پر مضبوط ہوتا ہے،  ہمیں چاہیے کہ اس بابرکت رات سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں، باہمی رواداری، اخوت اور عدل و انصاف کو فروغ دیں۔

 معراج کا واقعہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ حق کی راہ میں آزمائشوں اور مشکلات کے بعد اللہ تعالیٰ کی نصرت ضرور  پہنچتی ہے اور فتح اور کامیابی لازمی امر ہے۔ مشکلات کے تناظر میں اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طور پر بروئے کار لاتے ہوئے توکل الٰہی کا یہ پیغام ہماری انفرادی تربیت، قومی طرز عمل اور اجتماعی زندگی میں  بڑی کار آمد حیثیت رکھتا ہے۔ 

آئیے ہم اللہ کے سامنے سر بسجود ہوکر  اپنے وطن کے لیے خصوصی دعائیں کریں کہ اللہ پاکستان کو  ہمیشہ کے لیے امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا دے۔  اور ہماری قومی یکجہتی کو  مضبوط تر کرتے ہوئے  ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لئے ہماری کوششوں کو قبول فرمائے۔ آمین

یہ بھی پڑھیں :اسرائیلی فضائیہ کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا