مودی کی روس نواز پالیسیوں کے باعث بھارتی نوجوان غیر ملکی جنگ کا ایندھن بن گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)مودی کی روس نواز پالیسیوں کے باعث بھارتی نوجوان غیر ملکی جنگ کا ایندھن بن گئے، بھارتی نوجوانوں کو نوکریوں کے جھانسے دے کر روس لے جا کر جنگی محاذوں پر دھکیل دیا گیا،بھارتی جریدہ " ٹائمز آف انڈیا" دیارِ غیر میں پرائی جنگیں لڑتے بھارتی شہریوں کی اموات کی تفصیلات سامنے لے آیا۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان سمرجیت سنگھ روس میں جنگ کے دوران ہلاک ہوگیا، بتایا گیا ہے کہ سمرجیت سنگھ 2025 میں اعلیٰ تعلیم اور بہتر روزگار کی تلاش میں روس گیا تھا، تاہم روس منتقل ہونے کے چند ماہ بعد ہی اس کا اپنے خاندان سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق انہوں نے کئی ماہ تک بھارتی سرکاری اداروں اور وزارتِ خارجہ سے مدد کے لیے متعدد اپیلیں کیں، مگر انہیں خاطر خواہ تعاون فراہم نہیں کیا گیا، سمرجیت سنگھ کے والد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بیٹے سے رابطہ بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن حکومتی اداروں کی جانب سے کوئی مؤثر مدد نہیں ملی۔
دوسری جانب بھارتی وزارتِ خارجہ نے گزشتہ دسمبر میں تسلیم کیا تھا کہ 202 بھارتی شہری روسی فوج میں بھرتی ہوئے، جن میں سے 26 ہلاک جبکہ 7 لاپتہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:افغان سیاسی قیادت نے پاکستان کیساتھ کشیدگی کا ذمہ دار طالبان کو ٹہرا دیا
ماہرین کے مطابق روس کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات اور سستے تیل کے مفادات کے باعث بھارتی نوجوانوں کو بیرونِ ملک بھیج کر جنگی محاذوں تک پہنچانا ایک سنگین پالیسی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ روزگار کے مواقع کے نام پر نوجوانوں کو خطرناک حالات میں دھکیلنا حکومتی بے حسی اور اندرونی معاشی مسائل کی عکاسی کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سمرجیت سنگھ کی ہلاکت صرف ایک فرد کا سانحہ نہیں بلکہ اس سے بھارت میں معاشی مشکلات اور سفارتی پالیسیوں کے اثرات بھی نمایاں ہوتے ہیں۔