دہشتگردوں کیخلاف کارروائی جائز اور ضروری ، بھارتی الزامات شرمناک حد تک منافقانہ ہیں:دفتر خارجہ

Mar 15, 2026 | 09:07:AM
دہشتگردوں کیخلاف کارروائی جائز اور ضروری ، بھارتی الزامات شرمناک حد تک منافقانہ ہیں:دفتر خارجہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انورعباس) ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کے حالیہ بیان کو مضحکہ خیز، بلاجواز اور شدید منافقت پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خود خطے میں دہشت گردی اور عدم استحکام کو ہوا دینے میں ملوث رہا ہے، پاکستان کی طرف سے افغان سرزمین پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور معاون مراکز کے خلاف کیے گئے قانونی اور ہدف شدہ اقدامات بالکل جائز ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارت طویل عرصے سے افغانستان کی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کرتا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے گروہوں کی بھارتی سرپرستی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گرد نیٹ ورک کی تباہی پر بھارت کی مایوسی قابلِ فہم ہے کیونکہ وہ ان عناصر کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا رہا ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے میں تخریب کاری کے کردار میں ملوث رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارت مسلسل انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتا رہا ہے، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے برخلاف غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے اور وہاں ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار ، درجہ حرارت کو ریورس گیئر لگ گیا

ترجمان نے مزید کہا کہ ہندوتوا نظریے کے تحت بھارت میں اقلیتوں کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اسلاموفوبیا کو فروغ دیا جا رہا ہے،بھارت ماضی میں پانی کو بھی بطور ہتھیار استعمال کر چکا ہے۔

دفتر خارجہ نے زور دیا کہ بھارت افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے سے باز رہے، ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہر مناسب اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کا مؤقف بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہے۔