ڈی آئی خان، نجی کمپنی کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، دو ملازمین اور فوجی جوان شہید

Nov 14, 2023 | 00:43:AM
ڈی آئی خان، نجی کمپنی کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، دو ملازمین اور فوجی جوان شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں نامعلوم دہشتگردوں نے گیس اینڈ آئل کمپنی کے قافلے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 ملازمین جاں بحق، سپاہی شہید اور 12 افراد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کے علاقے درازندہ میں دہشتگردوں نے علاقے میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والی نجی کمپنی کی گاڑیوں پر فائرنگ کی۔

جس کے نتیجے میں دو ملازمین محمد فیصل اور آصف کامران جن کا تعلق کرک سے بتایا گیا ہے، شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پروجیکٹ کی حفاظت پر مامور سپاہی سید محمد شاہین شاہ نے بھی بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور علاقے کی معاشی ترقی کیلئے تعاون جاری رکھیں گی۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے 13 نومبر 2023ء کو ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوا، جس کی شناخت قدرت شاہ عرف ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے۔

   مارے گئے دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہا۔