“ہر بچے کو محفوظ بچپن کا حق حاصل ہے"؛ چیئرپرسن سارہ احمد

May 14, 2026 | 20:49:PM
“ہر بچے کو محفوظ بچپن کا حق حاصل ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب و رکنِ صوبائی اسمبلی سارہ احمد نے UNFPA اور INGAD کے زیر اہتمام پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل 2026 پر منعقدہ “مباحثہ و فکری نشست” میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب  کے ویژن کے تحت پنجاب میں بچوں اور بچیوں کے تحفظ کے لیے تاریخی قانون سازی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کی منظوری میں ، UKAID اور AAWAZ II پروگرام کے تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے بچیوں کے تحفظ، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے مؤثر اور جامع قانون سازی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادی صرف ایک سماجی مسئلہ نہیں بلکہ یہ بچیوں کی صحت، تعلیم اور غربت سے جڑا ایک سنگین چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 بچوں کے بہترین مفاد اور تحفظ پر مبنی ایک جامع اور تاریخی قانون ہے۔ نئے قانون کے تحت کم عمری کی شادی کے جرائم ناقابلِ ضمانت، ناقابلِ راضی نامہ اور قابلِ دست اندازی پولیس ہوں گے، جبکہ کم عمر بچیوں کو شادی کے لیے صوبائی حدود سے باہر لے جانا غیر قانونی نقل و حمل تصور ہوگا۔ مزید برآں، نکاح رجسٹرارز کو کم عمری کی شادی رجسٹر کرنے پر قانونی کارروائی اور سزاؤں کا سامنا کرنا ہوگا۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ قانون سازی کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی، اعتماد سازی اور حساس طبقات کے ساتھ مسلسل مکالمہ بھی اس کامیابی کی بنیاد بنا۔ پنجاب حکومت نے مذہبی رہنماؤں، قانونی ماہرین اور طبی ماہرین کو ساتھ بٹھا کر مثبت اور تعمیری مکالمے کو فروغ دیا۔

انہوں نے کہا کہ اصل کامیابی صرف قانون کی منظوری نہیں بلکہ ہر ضلع، ہر یونین کونسل اور ہر گھر میں اس پر مؤثر عملدرآمد ہے۔ پنجاب حکومت اب قانون کے مؤثر نفاذ کے لیے حکومتی ضوابط اور بین الادارہ جاتی تعاون پر کام کر رہی ہے۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے قتلِ اطفال جیسے بڑھتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن مسائل پر تحقیق کے لیے خصوصی کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا تحفظ کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عالمی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ اصلاحاتی عمل کی تکمیل تک اپنا تعاون جاری رکھیں۔

اس خصوصی نشست میں ماہرین، سماجی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور بچوں کے محفوظ، باوقار اور روشن مستقبل کے لیے مؤثر قانون سازی پر تبادلۂ خیال کیا۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ “ہر بچے کو محفوظ بچپن کا حق حاصل ہے"- 

اس موقع پر UNFPA کی نائب ملکی نمائندہ ڈاکٹر گلنارہ قادرکلووا نے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کو چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل 2026 کی منظوری کے سلسلے میں کی جانے والی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعزازی شیلڈ اورتعریفی سند سے نوازا۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - پنجاب
ٹیگز: