راولپنڈی سمیت 3 شہروں میں افغان طالبان کے ڈرون حملوں کی کوشش ناکام، 4 افراد زخمی:آئی ایس پی آر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور) آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی پاکستان کی بہادر عوام کو خوفزدہ کرنے کیلئے چند ڈرونز سے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 مارچ کو افغان طالبان نے پاکستان پر ڈرون حملے کیے، ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے مار گرایا، ملبہ گرنے سے کوئٹہ میں 2 بچے زخمی ہوئے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں بھی ایک، ایک شہری زخمی ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ حملے عوام میں خوف پھیلانے کی افغان طالبان کی ناپاک کوشش ہے، افغان طالبان کی اشتعال انگیزیوں کے سامنے پاکستان نہیں جھکے گا، افغان سر زمین سے ہونے والی دہشت گردی ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی زلزلے کی شدید جھٹکے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے نکل آئے
پاک فوج کے ترجمان ادارے کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان دہشت گردی اور اس کی تمام شکلوں کے خلاف ثابت قدمی سے لڑتی رہیں گی، پاکستانی عوام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رہے گا، آپریشن غضب لِلحق دہشتگردی کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب آپریشن غضب للحق میں پاک فوج نے قندھار ایئر فیلڈ کی آئل ڈمپ سائٹس پر حملوں کی ویڈیو جاری کردی گئی،ویڈیو میں حملوں سے پہلے اور بعد کے مناظر واضح نظر آرہے ہیں
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت 12 اور 13 مارچ کی درمیانی شب افغانستان کے شہر قندھار میں واقع قندھار ایئر فیلڈ کی آئل ڈمپ سائٹس کو مؤثر کارروائی میں نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے قندھار ایئر فیلڈ کے آئل ڈمپ کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں آئل اسٹوریج سائٹس تباہ ہو گئیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ آئل اسٹوریج مقامات کو افغان طالبان اور دہشتگرد تنظیمیں اپنی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہی تھیں۔