پی ایس 30 خیرپور ضمنی انتخاب، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مزید 6 مقامی عہدیداروں کو نوٹس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پی ایس 30 خیرپور-V کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ جاری ہے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مزید 6 مقامی حکومت کے عہدیداروں کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق چیئرمین میونسپل کمیٹی گمبٹ لطیف شیخ، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی اگرا نبی بخش سیال اور چیئرمین یونین کونسل درازا نذرالحق فاروقی کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ چیئرمین ٹاؤن کمیٹی کھڑا سید صدا حسین شاہ، وائس چیئرمین یونین کونسل سگیوں لیاقت علی قریشی اور وائس چیئرمین یونین کونسل منورآباد عبدالرؤف آرائیں کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹس اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر مذکورہ مقامی عہدیداروں کو انتخابی مہم میں مبینہ طور پر شرکت کرنے پر نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
تمام عہدیداروں پر پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے امیدوار اسفند یار کھرل کے حق میں انتخابی سرگرمیوں میں شرکت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ایس 30 خیرپور-V کے ضمنی انتخاب کے دوران انتخابی سرگرمیوں کی مسلسل اور مؤثر نگرانی کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں مکمل طور پر فعال ہیں۔
ٹیموں کی جانب سے انتخابی مہم اور ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ خلاف ورزیوں کی رپورٹس مرتب کرکے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کیخلاف ورزی پرکسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی اورخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائیگی، انتخابی عمل کو شفاف اورغیر جانبدار رکھنے کیلئے مانیٹرنگ کا عمل پولنگ تک جاری رہے گا۔
اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جاچکی ہے، ٹاؤن کمیٹی صوبھودیرو کے چیئرمین پرضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا، جبکہ یونین کونسل سگیوں کے چیئرمین کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرسخت وارننگ جاری کی جاچکی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب کے دوران تمام امیدواروں، سیاسی جماعتوں اورمتعلقہ عہدیداروں کوانتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنانا ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے تحت کارروائی کی جائیگی۔
یہ بھی پڑھیں:سٹیو سمتھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں کیچز کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا